آج دفاعی چیمپئن پشاور کا سامنا ملتان سلطانز سے ہوگا

شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ): پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں آج ٹورنامنٹ کا 16 واں میچ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر موجود ملتان سلطانز کے درمیان ہوگا۔

دونوں ہی ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا ہے اور شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ ان دو ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت محمد حفیظ کررہے ہیں جبکہ ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ہر ٹیم پانچ پانچ میچز کھیل چکی ہے، ملتان سلطانز 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکے ہیں۔

ملتان سلطانز کی ایونٹ میں پہلی باری انٹری ہوئی ہے لیکن اس نے اپنی پرفارمنس سے سب کو حیران کردیا ہے۔

کراچی کنگز کے بھی 7 پوائنٹ تاہم رن ریٹ کی بنیاد پراس کی دوسری پوزیشن ہے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک تین تین کامیابیاں سمیتی ہیں، زلمی کا تیسرا اور یونائیٹڈ کا چوتھا نمبر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دو فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے البتہ لاہور قلندرز پانچ میچز کھیل کر بھی کوئی پوائنٹ نہیں بنا سکی ہے۔

تعارف: newseditor