لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر چوتھی بین الصوبائی گیمز کی تیاری کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کھلاڑیوں کے ٹرائلز اور تربیتی کیمپ 9مارچ بروز جمعہ سے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہورہے ہیں، پنجاب کا 325 رکنی دستہ 28 گیمز میں حصہ لے گا، تفصیلات کے مطابق چوتھی بین الصوبائی گیمز 18سے20مارچ تک پشاور میں منعقد ہورہی ہیں جس میں پنجاب اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے 9 مارچ سے تربیتی کیمپ کا انعقاد کررہا ہے جس میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز میرٹ پر ہوں گے، تربیتی کیمپ میں ماہر کوچز اور ٹرینر کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے، کیمپ 15مارچ تک جاری رہیں گے،سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے ہدایت کی ہے کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ، کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں ،تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاری کریں اور پنجاب کے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے پہلے سے زیادہ میڈلز جیتیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو تیاری کیلئے ہر طرح کی سہولت اور تربیت فراہم کرے گا۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے انتظامیہ اور کوچز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ چوتھی بین الصوبائی گیمز کیلئے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں اور کامیابی کیلئے بھرپور محنت کریں۔ واضح رہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کا 325 رکنی دستہ 28 گیمز میں حصہ لے گا،ان گیمز میں اتھلیٹکس، آرچری، بیڈمنٹن،بیس بال، باسکٹ بال، باڈی بلڈنگ، باکسنگ، کراٹے، کشتی رانی، رگبی، شوٹنگ، سافٹ بال، سکواش، گولف، جمناسٹک، ہینڈ بال، ہاکی، جو جٹسو، کبڈی، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، رسہ کشی، والی بال، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ اور ووشو شامل ہیں۔