بلاوایو،ہرارے(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز میں مسلسل دوسری شکست کے بعد ‘‘ہائی فلائنگ’’ افغانستان کی ٹیم واپس زمین پر پہنچ گئی جسے زمبابوے نے سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی کے سہارے دو رنز سے ہرادیا،سکاٹ لینڈ نے ہانگ کانگ کو ٹھکانے لگا ڈالا،کرس گیل اور شمرون ہٹمیئر کی سنچریوں سے ویسٹ انڈیز فتحیاب ہوئی جبکہ پاپوا نیو گنی کو مات دے کرآئرلینڈ کی کامیاب پیشقدمی جاری رہی۔ کوئنز سپورٹس کلب میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 196رنز بنائے جس میں برینڈن ٹیلر 89 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر قرار پائے اور سکندر رضا نے 60 رنز بنائے۔ مجیب الرحمن اور راشد خان نے تین،تین جبکہ دولت زدران نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم محمد شہزاد کے 24،رحمت شاہ کے 69 اور محمد نبی کے 51 رنز کے ساتھ تین وکٹوں پر 156 رنز بنانے کے بعد پھسل گئی اور 38 رنز پر سات وکٹیں گنوا کر 194 رنز ہی بنا سکی۔ بلیسنگ موزارابانی نے چار اور مرد میدان سکندر رضا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ بلاوایو ایتھلیٹک کلب میں ٹاس میں ناکامی کے بعد بیٹنگ کیلئے طلب کی جانے والی ہانگ کانگ کی ٹیم نزاکت خان کے 26 رنز کی مدد سے محض 91 رنز بنا سکی ۔ سکاٹ لینڈ نے کپتان کائیل کوئٹزر کے 41 اور جارج مونسی کے 22 رنز کے سہارے مطلوبہ ہدف حاصل کر کے چار وکٹوں سے کامیابی یقینی بنائی ۔ اولڈ ہرارینز میں ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز نے یو اے ای کیخلاف چار وکٹوں پر 357 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرس گیل نے شاندار سنچری سکور کی ،اس طرح کرس گیل تمام گیارہ ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کیخلاف سنچری سکور کرنے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں، اس سے قبل یہ کارنامہ سچن ٹنڈولکر اور ہاشم آملہ سرانجام دے چکے ہیں،جواب میں یو اے ای کی ٹیم 297 رنزپر ڈھیر ہو گئی،جیسن ہولڈر نے پانچ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ ہرارے سپورٹس کلب میں مرد میدان ٹونی اورا کے151رنز بھی پاپوا نیوگنی کو فتح نہ دلا سکے جب کپتان ولیم پورٹر فیلڈ کے111اور ایڈ جوائس کے 53 رنز نے 236 رنز کا ہدف حاصل کر کے چار وکٹوں سے فتح کا سامان کردیا۔