خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ ،تیسرے روز پاکستان آرمی اور واپڈا کی جیت


اسلام آباد (نواز گوھر )پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام تئیسویں خاورشاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کاعاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن میںجاری ۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کے تیسرے روز پہلے میچ میں فیڈریشن کے سینئر نائب صدر محمدمحسن خان جوکہ سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ جوکہ بحریہ ٹاؤن لاہور کے ڈائریکٹر سپورٹس بھی ہیں نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ سید فخر علی شاہ صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال نے مہمان خصوصی کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا۔شیخ مظہر احمدکے مطابق ٹورنامنٹ کے تیسرے روز دو میچ کھیلے گئے ۔ پہلے میچ میں پاکستان آرمی نے پاکستان پولیس کی ٹیم کو 21 – 0 سے شکست دی۔ آرمی کی جانب سے فقیر حسین نے 4 رن ، ارسلان جمشید، عبیداللہ اور محمد رفیع نے 3 رن، ہدایت اللہ ، ثاقب خان اور مظہر نے 2 رن جبکہ نذیر اور وسیم نے 1رن بنا کر حصہ ڈالا۔تیسرے دن کا دوسرا میچ پاکستان واپڈا اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان کھیلاگیا جس کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل (ر) علی احسن (SGM Security & HR) بحریہ ٹاؤن لاہور تھے۔ پاکستان واپڈا نے پنجاب کو 16 – 2 سے شکست دی۔ واپڈا کی جانب سے عمیر امداد بھٹی نے 4 رن ، ظہیر نے 3 رن، محمد وسیم ، فضل الرحمان اور زبیر نواز نے 2 رن جبکہ سمیر زوار، برھان جوہر، عدنان بٹ اور ذاکر آفریدی نے 1 رن بنا کر اپنا حصہ ڈالا۔ جبکہ پنجاب کی جانب سے عثمان اور اسامہ نے 1رن سکورکیا۔یاد رہے کہ واپڈا کی جانب سے عمیر امداد بھٹی نے ہوم رن سکور کیا۔کل تیسری پوزیشن (براؤنز میڈل) کا میچ پاکستان پولیس اور پنجاب کی ٹیموں کے مابین صبح 9:00 بجے کھیلا جائے گا ۔فائنل میچ (گولڈ میڈل) مارچ کی 10 تاریخ کو پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں کے درمیان صبح 9:00 بجے کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن ہوں گے جو کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

error: Content is protected !!