لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے دو میچز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ شائقین کرکٹ نئی کرسیوں پر براجمان ہوکر میچز سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ پی ایس ایل کے 2 میچز بیس اور 21 مارچ کو شیڈول ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹرز اور ہزاروں شائقین کرکٹ کی میزبانی اب قذافی سٹیڈیم کے لیے کوئی نئی بات نہیں رہی۔ اسی لیے اب تیاری کیلئے بھی زیادہ وقت درکار نہیں ہوتا۔اس بار پی ایس ایل تھری کے لیے تو 2 ماہ سے زور و شور سے تیاریاں سے جاری تھیں۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ سب سے سستے انکلوژر سرفراز نواز اور سب سے مہنگے انکلوژر عمران خان اور فضل محمود میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مشکوک افراد پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ بھی کرلیا گیا۔سٹیڈیم کے اطراف میں رنگ و روغن اور تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ ہر سو پھیلے سبزے نے سٹیڈیم کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔ پی ایس ایل کے 2 میچز بیس اور 21 مارچ کو شیڈول ہیں، حیران کن بات تو یہ ہے کہ مجموعی طور پراب تک صرف 20 فیصد ٹکٹیں ہی فروخت ہو سکی ہیں۔