خاور شاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ،پنجاب پولیس نے برائونز میڈل جیت لیا

اسلام آباد (نواز گوھر )پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیر اہتمام تئیسویں خاورشاہ نیشنل بیس بال چیمپئن شپ کے مقابلے عاشق حسین بیس بال سٹیڈیم بحریہ ٹاؤن لاہور میں جاری ہیں ۔ چیمپئن شپ کے چوتھے روز تیسری پوزیشن (براؤنز میڈل) کا میچ پاکستان پولیس اور پنجاب کی بیس بال ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ جو کہ بحریہ ٹاؤن لاہور کے ڈائریکٹر سپورٹس اور ویسٹ ایشیا بیس بال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی ہیں چوتھے روز مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سینئر نائب صدر محمد محسن خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ دونوں ٹیموں کا مہمان خصوصی سے تعارف کروایا گیا۔ پاکستان پولیس نے پنجاب کی ٹیم کو 10 – 0 سے شکست دی۔ پولیس کی جانب سے عاطف، یاسر ، سلیم حیدر اور مزمل حسین نے دو دورنز جبکہ عبداللہ اور عرفان نے 1رن بنا کر حصہ ڈالا۔ پولیس کی جانب سے طارق ندیم نے عمدہ پچنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کی ٹیم کو رن سکور کرنے سے روکے رکھا۔ چیمپئن شپ کا فائنل میچ (گولڈ میڈل) مارچ کی 10 تاریخ کو پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں کے درمیان صبح 8:30بجے کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن ہوں گے جو کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

تعارف: newseditor