لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر پشاور میں شروع ہونیوالی چوتھی بین الصوبائی گیمز کی تیاری کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ شروع ہوگئے ہیں، کیمپ میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں،سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کوچز کو ہدایت کی ہے کہ پشاور گیمز کیلئے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ٹیمیں تشکیل دی جائیں، تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سوئمنگ کا تربیتی کیمپ سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس جبکہ باسکٹ بال اور کبڈی کے کیمپ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں شروع ہوگئے ہیں، تربیتی کیمپ کے پہلے روز کوچز نے کھلاڑیوں کو پریکٹس کرائی اور ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اہم ٹپس دیں
کھلاڑیوں نے لگن او رجوش و جذبے کے ساتھ پریکٹس کی۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کوچز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوتھی بین الصوبائی گیمز میں ہمارے کھلاڑیوں کاملک بھر کے کھلاڑیوں سے سخت مقابلہ ہوگا لہٰذا کوچز بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کریں اور تربیتی کیمپ میں جدید خطوط پر تیاری کرائی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی کو گیمز کی تکنیک سے متعلق بھی آگاہی دی جائے اور ان کی فٹنس کا خصوصی خیال رکھا جائے، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی نے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کی پریکٹس دیکھی۔
واضح رہے کہ چوتھی بین الصوبائی گیمز پشاور میں منعقد ہورہی ہیں جس میں ملک بھر کے کھلاڑیوں شرکت کریں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب کا 325کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ 28گیمز میں حصہ لے گا، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب تیسری بین الصوبائی گیمز کا فاتح ہے اور اب وہ چوتھی بین الصوبائی گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا، تمام کھلاڑی جیت کے لئے پُرعزم ہیں۔