شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا اگلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان 13 مارچ کو شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔اس وقت پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر بہت ہی دلچسپ صورتِ حال ہے جہاں کراچی کنگز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے جنگ جاری ہے، کیونکہ ان میں سے ایک ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اس وقت 10، 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کو ایونٹ میں 2 اور 3 میچز مزید کھیلنے ہیں۔دونوں ہی ٹیمیں اپنا ایک میچ ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جس سے واضح ہے کہ دونوں میں سے ایک ٹیم 12 پوائنٹس لے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی، تاہم ہارنے والی ٹیم کے پاس پھر بھی ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچے کا موقع ہوگا۔ادھر ملتان سلطانز کو ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کا چیلنج درپیش ہوگا جہاں صرف فتح ہی اسے پلے آف مرحلے میں پہنچا سکے گی۔ملتان سلطانز کی شکست کی صورت میں ایونٹ میں پشاور زلمی کی صرف ایک شکست کا انتظار کرنا پڑے گا، جس کے دو میچز ابھی باقی ہیں تاہم اس کی دونوں میچوں میں کامیابی کے بعد ملتان سلطانز کو کراچی کنگز کی اس کے بقیہ میچوں میں شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے 9، 9 پوائنٹس ہیں تاہم کراچی کنگز اپنے بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت تیسرے اور ملتان سلطانز چوتھے نمبر پر ہے۔ادھر پشاور زلمی کے صرف 6 پوائنٹس ہیں اور اس کے 2 میچز باقی ہیں، اور دونوں ہی میچوں میں فتح کی صورت میں پشاور زلمی پلے آف مرحلے کی دوڑ میں شامل ہوجائے گی۔لاہور قلندرز نے ایونٹ میں 8 میچز کھیلے ہیں جہاں اسے 2 میں فتح ہوئی جبکہ 6 میچز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جس کے ساتھ ہی وہ ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بنی۔