شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ) لاہور قلندرز کے بلے باز فخر زمان کے پاکستان سپر لیگ تھری کے سب سے بڑے انفرادی اسکور کی بدولت ٹورنامنٹ کے 26ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دے دیا۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور کی پہلی وکٹ اینٹن ڈیوسچ کی صورت میں گری جو راحت علی کی گیند پر انور علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز سلمان آغا تھے جو میر حمزہ کی گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم وہ بال کو مس کرگئے اور بولڈ ہوگئے۔برینڈن میکلم نے خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 11 گیندوں پر 5 رنز بناکر نوجوان اسپنر حسان خان کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔تین وکٹیں گرنے کے باوجود دوسرے اینڈ سے فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس لگاکر کوئٹہ کے بولرز کو پریشان کیے رکھا۔فخز زمان نے 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی جو کہ پی ایس ایل تھری کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔فخر کی وکٹ انور علی نے حاصل کی جبکہ ان کا کیچ لانگ آف پر حسان خان نے پکڑا۔15ویں اوور کے اختتام پر لاہور قلندرز نے 140 رنز بنالیے تھے جبکہ گلریز صدف اور فخر زمان کریز پر موجود ہیں۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسد شفیق اور بین لافلن کی جگہ جیسن رائے اور میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہور قلندرز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 پوائنٹس حاصل کر کے پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے اور لاہور قلندرز مسلسل 6 شکستوں کے نتیجے میں ایونٹ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کے لئے کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کل کھیلے جانے والے ایونٹ کے 27ویں میچ کا انتظار کریں گی جو کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔اگر کراچی یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور کراچی کے ساتھ پلے آف اور ایلیمنیٹرز کی لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔