پشاور 44 رنز سے کامیاب

شارجہ(سپورٹس لنک رپورٹ) بابر اعظم کی نصف سنچری اور آفریدی کی برق رفتار اننگز کے باوجود پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں 44 رنز سے شکست دے دی۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جو ڈینلی تھے جو حسن علی کی گیند پر عمید آصف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔کولن انگرام بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 8 گیندیں ضائع کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔کراچی کنگز کے لیے پہلا میچ کھیل رہے کپتان اوئن مورگن بھی پانچ رنز بناکر لائم ڈوسن کی گیند پر سعد نسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔شاہد آفریدی نے صرف 8 گیندوں پر 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی تاہم وہ لائم ڈوسن کی گیند پر محمد اصغر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں اپنی اننگز کے دوران چار چھکے لگائے۔بابر اعظم نے 50 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم تیز رنز بنانے کی کوشش میں وہ وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔17ویں اوور کے اختتام پر کراچی کنگز نے 122 رنز بنالیے تھے جبکہ محمد رضوان اور اسامہ میر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل وکٹ کیپر کامران اکمل کی جارحانہ اننگز کی بدولت  دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف 181 رنز اسکور کیے۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔ کھیل کے دوسرے ہی اوور میں محمد حفیظ بڑی ہٹ لگاتے ہوئے عثمان شنواری کی گیند پر کلین بولٹ ہوگئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ڈوئن اسمتھ تھے جو 15 رنز بناکر شاہد آفریدی کی گیند کا شکار بنے۔پشاور کے ہدف میں سب سے اہم کردار کامران اکمل نے ادا کیا جنہوں نے 6 چھکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پشاور کی جانب سے سعد نسیم نے 35 جبکہ کپتان ڈیرن سیمی نے 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو 181 رنز تک پہنچایا۔کراچی کی جانب سے عثمان شنواری نے 3 جبکہ روی بوپارا، شاہد آفریدی اور محمد عامر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔کراچی کنگز کی قیادت این مورگن کر رہے ہیں جب کہ انہیں جوئے ڈینلی، بابراعظم، کولن انگرام، روی بوپارا، محمد رضوان، شاہد آفریدی، اسامہ میر، محمد عامر، محمد عرفان جونیئر اور عثمان خان شنواری کی خدمات حاصل ہیں۔پشاور زلمی کی ٹیم محمد حفیظ، کامران اکمل، ڈیوائن اسمتھ، رکی ویسل، سعد نسیم، لیام ڈاؤسن، کپتان ڈیرن سیمی، عمید آصف، حسن علی، وہاب ریاض اور سمین گل پر مشتمل ہے۔ ایونٹ کا 28واں میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!