لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ سپورٹس کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، نئے سپورٹس منصوبوں میں جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے لاہور میں زیرتعمیر سپورٹس گرائونڈز جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن کی تکمیل سے نوجوانوں کو مزید سہولتیں میسر ہوں گی، یہ بات انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں مختلف اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں،اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ تہمینہ حبیب، ڈائریکٹر ایڈمن و سپورٹس جاوید رشید چوہان، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو اکرم صوبن اور دیگر افسران نے شرکت کی، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے نوتعمیر شدہ سپورٹس منصوبوں کو عوام کیلئے کھولنے اور ان کو چلانے کیلئے میکنزم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کی ترقی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کے درجنوں منصوبے بنائے گئے ہیں، نوتعمیر شدہ سپورٹس منصوبوں میں نوجوانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ خود کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرسکیں۔ان منصوبوں کو چلانے کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے لاہور کے زیرتعمیر سپورٹس گرائونڈز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی اعلیٰ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ لاہور کے زیرتعمیر سپورٹس گرائونڈ جلد از جلد مکمل کئے جائیں تاکہ کھلاڑی اس سے استعفادہ حاصل کرسکیں اس معاملے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ گرائونڈز کی تکمیل میں معیار کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے اور پلان کے مطابق بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، ایک اور اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس بورڈ پنجاب محمد عامر جان نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں سپورٹس کے منصوبوں کی تکمیل سے سپورٹس فروغ پائے گا اور نوجوان اپنے کھیل کو بہتر بناکر ملک کا نام روشن کریں گے، انہوں نے ہدایت کی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔