دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر جے پی ڈومنی نے کرکٹ جنوبی افریقا کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود اپنی ذمہ داری پر پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ایس ایل اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور اس حوالے سے آج پہلا پلے آف دبئی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جانا ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اسلام آباد کے کپتان کلائی میں فریکچر کی وجہ سے آج کے میچ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی جے پی ڈومنی کریں گے۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈومنی کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر نے اپنی ذمہ داری پر پاکستان جانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ڈومنی نے جنوبی افریقی بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے کہ کسی نقصان کی صورت میں وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی غیر ملکی پاکستان آنے پر راضی ہیں جبکہ اسلام آباد کے لیوک رونکی، سمت پٹیل اور ڈومنی پاکستان آنے کے لیے راضی ہو چکے ہیں جبکہ سیم بلنگز اور ایلکسز ہیلز نے پاکستان آنے سے معذرت کر لی ہے۔اس کے علاوہ کراچی کنگز کے بھی 6 میں سے 5 غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں، ان کھلاڑیوں میں روی بوپارا، کولن انگرام، لینڈل سمنز اور جوائے ڈنلے شامل ہیں جبکہ ایون مورگن نے پاکستان آنے سے معذرت کر لی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کیون پیٹرسن اور جیسن رائے پاکستان آنے سے معذرت کر چکے ہیں تاہم تھسارا پریرا، محمود اللہ اور ٹام کوہلر کیڈ مور اور جانسن چارلز پاکستان آنے کے لیے راضی ہیں اور رلی روسیو بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فینز کو اچھی خبر کی نوید سنا چکے ہیں۔