انڈین ویلز(سپورٹسلنک رپورٹ)امریکی ریاست کیلی فورنیا میں کھیلے گئے انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں ٹرافی پر قابض ناؤمی اوساکا نے روسی حریف ڈاریا کساٹکینا کو مات دے کر کیریئر کا اولین ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل آسانی کے ساتھ جیت گئیں،مینز سنگل فائنل میں راجر فیڈرر کی 17فتوحات کی قطار کا خاتمہ ہوگیا،یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے سخت جنگ کے بعد کراؤن پر قبضہ کرلیا۔ انڈین ویلز ٹینس گارڈنز پر ویمنز سنگل مقابلوں کے فیصلہ کن معرکے میں جاپان کی ناؤمی اوساکا اور نمبر بیس سیڈ روس کی بیس سالہ ڈاریا کساٹکینا پہلی مرتبہ آمنے سامنے آئیں تو جاپانی سٹار نے چند ابتدائی خامیوں پر قابو پانے کے بعد آخری گیارہ میں سے نو گیمز میں کامیابی کی بدولت چھ،تین اور چھ،دو سے کیریئر کا اولین اے ٹی پی ایک ہزار ٹائٹل جیت لیا ۔ مینز سنگل مقابلوں کے فائنل میں ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے عالمی نمبر ایک سوئس حریف راجر فیڈرر کی رواں سال مسلسل 17 فتوحات کا ریکارڈ توڑتے ہوئے کراؤن اپنے سر سجا لیا۔ آٹھویں رینکنگ کے مالک ارجنٹائن کے پلیئر نے راجر فیڈرر کو دو گھنٹے اور 42 منٹ میں چھ،چار،چھ،سات اور سات،چھ سے مات دی کر چھٹی مرتبہ ٹرافی پر قبضے سے محروم کردیا،وہ رواں سال پہلے کھلاڑی ہیں جن کو سوئس کھلاڑی کیخلاف کامیابی حاصل ہوئی ہے۔29 سالہ یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو حالیہ برسوں کے دوران کلائی کی تکلیف میں مبتلا رہے ہیں اور تین مرتبہ آپریشن کے سبب انہیں بیک ہینڈ سٹروکس کھیلنے میں جدوجہد کرنا پڑتی ہے ۔