اصغر علی مبارک
.پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں پہلے ایڈیشن کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جہاں باہمی مقابلوں میں یونائیٹڈ کو زلمی پر معمولی برتری حاصل ہے۔پی ایس ایل کا فائنل پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔ کراچی میں ہونے والے مقابلے میں پشاور اور اسلام آباد ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونگے۔ سوشل میڈیا پر مداحوں نے پشاور زلمی کی سفیر ماہرہ خان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے سفیر فواد خان کی تصاویر شیئر کرکے پی ایس ایل فائنل کو ان دونوں کا مقابلہ قرار دے دیا۔اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ایونٹ کے تینوں ایڈیشن میں ہونے والے مقابلوں پر نظر دوڑائی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کو معمولی برتری حاصل ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ایونٹ کے تینوں ایڈیشن میں کُل 7 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 4 میچوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم فاتح رہی جبکہ تین میں فتح نے پشاور زلمی کے قدم چومے۔دونؤں ٹیمیں پہلی مرتبہ 2016 میں ہونے والے ایڈیشن میں مدمقابل آئی تھیں جب دونوں راؤنڈ میچوں میں پشاور زلمی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن اسی ایڈیشن کے تیسرے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔2017 میں ہونے والے ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پشاور زلمی کو دونوں راؤنڈ میچوں میں شکست دی تھی۔ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تو پشاور زلمی نے یونائیٹڈ کو 34 رنز سے مات دے کر فتح سمیٹی لیکن رواں ایڈیشن کے دوسرے راؤنڈ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 26 رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی مقابلوں میں 4-3 کی برتری حاصل کر لی تھی۔دونوں ٹیمیں اب تک پلے آف مرحلے میں صرف ایک مرتبہ 2016 میں آمنے سامنے آئیں جس میں یونائیٹڈ کی ٹیم فاتح رہی تھی اور یہ برتری انہیں فائنل میچ کیلئے بھرپور اعتماد بخشے گی۔ادھر اگر مجموعی طور پر ایونٹ میں کامیاب ترین ٹیم کی بات کی جائے تو پشاور زلمی کو یونائیٹڈ پر برتری حاصل ہے اور انہوں نے اب تک تینوں ایڈیشنز میں مجموعی طور پر 19 فتوحات سمیٹیں ہیں جبکہ اس فہرست میں یونائیٹڈ کی ٹیم 18 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے اور اس لحاظ سے ایونٹ کی تاریخ کی دو بہترین ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ادھرپاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بورڈ کو اگلے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آدھے میچز کو کراچی اور لاہور میں کرانے کا گرین سگنل مل گیا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں ہم ڈبل ویک اینڈ میچز کرائیں گے جس میں جمعرات اور جمعہ کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اور ہفتہ اور اتوار کے میچز پاکستان میں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان کے لیے مزید بیرون ممالک کی ٹیموں کی میزبانی کرنا ممکن نہیں ہوگا کیونکہ 25 مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے بعد قومی ٹیم کے بیرونی دورے شیڈول ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہورہا ہے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آئے گی اور اس کے بعد ہمارے پاس موقع نہیں ہے کیونکہ ہم کھیلنے کے لیے بیرون ملک جارہے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اگست اور ستمبر میں ہم ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے ساتھ 5 سے 7 میچز ہیوسٹن اور فلوریڈا میں کھیلنے کے لیے جگہ بنارہے ہیں تاہم اب تک یہ فیصلہ حتمی نہیں ہوسکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے آپشنز کو دیکھ رہے ہیں لیکن ہمارے پاس بیرون ملک کی میزبانی کا وقت نہیں ہے تاہم انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ کچھ ٹیمیں ہیں جو پاکستان میں کھیلنا چاہتی ہیں اور ہم ان کے ساتھ اگلے سال کا منصوبہ بنارہے ہیں اور ہم اعلیٰ سطح کی ٹیموں کو پاکستان لانا چاہتے ہیں جن سے ہم 3 سے 4 میچز نہیں پوری سیریز کھیلنا چاہتے ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اب وقت نہیں ہے اور ہمیں تیاری کرنی ہوگی اور ایسا ہونے سے قبل قومی سطح پر سیکیورٹی کی صورتحال کو بھی بہترین بنانا ہوگا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اسلام آباد اور پشاور میں اسٹیڈیم کی تعمیر کی خوشخبری بھی سنائی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ابھی مزید پی ایس ایل ہونے باقی ہیں۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کی فائنل کی طرف دیکھ رہے اور ایک جانب پہلی چیمپیئن شپ جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ ہے جبکہ پشاور زلمی دوسری چیمپیئن شپ جیت کر سامنے آئی ہے، اب فائنل جو بھی جیتے، جیت پاکستان کی ہوگی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے ٹکٹ 20مارچ سے دستیاب ہوں گے اور پی ایس ایل فائنل کی نسبت سیریز کی ٹکٹوں کی قیمت آدھی کردی گئی ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز یکم اپریل سے تین اپریل تک کراچی میں کھیلی جائے گی اور سیریز کے ٹکٹ 20 مارچ سے دستیاب ہوں گے۔میچوں میں شائقین کی دلچسپی اور اسٹیڈیم میں آمد یقینی بنانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائنل کی نسبت سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمت آدھی کردی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق جنرل انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار روپے سے کم کرکے پانچ سو روپے کردی گئی۔اس کے ساتھ ساتھ بقیہ انکلوژر کے ٹکٹوں کی قیمتیں بھی کم رکھی گئی ہیں اور سب سے مہنگا ٹکٹ وی وی آئی پی انکلوژر کا ہو گا جس کی قیمت 6ہزار روپے رکھی گئی ہے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل فائنل کیلئے کم از کم ٹکٹ ایک ہزار اور سب سے مہنگا ٹکٹ 12ہزار روپے کا ہے۔