آکلینڈ ٹیسٹ :انگلینڈ کو ایک اننگز اور 49 رنز سے شکست


آکلینڈ (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ نے آکلینڈ ٹیسٹ میں مہمان انگلینڈ کو ایک اننگز اور 49 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ آکلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش ٹیم محض 58 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 427 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈکلئیر کی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 370 رنز کا ہدف ملا۔ پہلی اننگز میں کم ترین اسکور پر آئوٹ ہونے کے بعد انگلش بلے باز اپنی دوسری اننگز میں بھی دباؤ کا شکار رہے اور پوری ٹیم 320 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔انگلش ٹیم کی جانب سے کوئی بھی بلے باز طویل اننگز نہ کھیل سکا، بین اسٹوک 66، اسٹون مین 55،کرس ووکس 52 اور کپتان جوئے روٹ 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ایلسٹر کک 2، ڈیوڈ مالان 23، جونی بریسٹو 26، معین علی 28، اوورٹن 3 اور جیمز اینڈرسن ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ،نیل ویگنر اور ٹوڈ ایسٹل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹرینٹ بولٹ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے انگلش ٹیم پہلی اننگز میں صرف 58 رنز پر ڈھیر ہوئی جس میں 5 کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنائے آئوٹ ہوئے اور کریگ اوورٹن 33 رنز ناٹ آئوٹ اننگز کھیل کر نمایاں رہے، انگلینڈ کی پہلی اننگز میں ٹرینٹ بولٹ نے 6 اور ٹم ساؤتھی نے 4 شکار کیے تھے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی سنچری اور ہینری نکول کے 145 رنز کی شاندار ناٹ آئوٹ اننگز کی بدولت کیویز نے اپنی پہلی اننگز 427 رنز بنا کر ڈکلئیر کر دی تھی۔

error: Content is protected !!