گولڈ کوسٹ(سپورٹس لنک رپورٹ)گولڈ کوسٹ کامن ویلتھ گیمز ، 71ممالک اور علاقوں کے تقریباََ 6600 ایتھلیٹس میں آج سے 275گولڈ میڈلز کیلئے جنگ شروع ، گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں ہونے والے 21ویں کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے کیلئے پاکستان کے 90رکنی دستے سمیت کامن ویلتھ ممالک کی ٹیمیں گولڈ کوسٹ پہنچ چکی ہیں، افتتاحی تقریب آج ہوگی۔ کامن ویلتھ گیمز4تا 15اپریل گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں منعقد ہوں گی ، گیمز کے زیادہ تر مقابلے گولڈ کوسٹ میں ہی کھیلے جائیں گے۔ افتتاحی و اختتامی تقریبات کیرارا سٹیڈیم گولڈ کوسٹ میں منعقد کی جائیں گی۔ٹریک سائیکلینگ اور شوٹنگ ایونٹس کا انعقاد برسبین ، باسکٹ بال کے ابتدائی رائونڈ کے میچز ٹائون سویلی اور کائرنز،نارتھ آف کوئنز لینڈ میں منعقد کئے جائیں گے، گیمز میں مجموعی طور پر18کھیل شامل ہیں جن میں 10کور سپورٹس میں ایتھلیٹکس،بیڈمنٹن،باکسنگ،ہاکی،نیٹ بال،رگبی سیون،سکواش،سوئمنگ اور ویٹ لفٹنگ جبکہ 8 آپشنل سپورٹس میں باسکٹ بال،بیچ والی بال،سائیکلینگ،جمناسٹک،شوٹنگ،ٹیبل ٹینس،ٹرائی تھلون اور ریسلنگ شامل ہیں ۔ ان گیمز میں کھلاڑیوں کو دئیے جانے والے میڈلز کو سٹریبروک سے تعلق رکھنے والی آرٹسٹ ڈیلوینی کو کاٹو نے ڈیزائن کیا ہے۔