کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ) سری لنکا کرکٹ نے رواں سال جولائی اگست میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کا شیڈول تبدیل کر دیا، سیریز سے ایک ٹیسٹ کم کر کے پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کو شامل کر لیا گیا۔ ابتدائی شیڈول کے تحت جنوبی افریقن ٹیم نے آئی لینڈرز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنا تھی لیکن نئے شیڈول کے تحت پروٹیز ٹیم اب مکمل سیریز کیلئے سری لنکا کا دورہ کرے گی۔سری لنکا کرکٹ کی طرف سے اعلان کردہ نئے شیڈول کے تحت سری لنکا جولائی اگست میں پروٹیز کے خلاف دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی، آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی تاکہ ٹیم کو میگا ایونٹ کی تیاری کا موقع مل سکے۔ شیڈول کے تحت جنوبی افریقن ٹیم 4 جولائی کو سری لنکا پہنچے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 12 سے 16 جولائی تک گال، دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 سے 24 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 جولائی، دوسرا میچ یکم اگست، تیسرا میچ 5 اگست، چوتھا میچ 8 اگست جبکہ پانچواں اور آخری میچ 12 اگست کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 14 اگست کو شیڈول ہے۔