صوبائی وزیر کھیل پنجاب کی ویٹ لفٹر نوح بٹ کو تمغہ جیتنے پر مبارکباد

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے نوجوان ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ کو آسٹریلیا میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کیلئے کانسی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔نوح دستگیر بٹ کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ نوجوان ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے 105پلس کیٹیگری میں مجموعی طور پر 395کلوگرام وزن اٹھا کرریکارڈ بنایا جس پر انہوں نے قوم کے دل جیت لئے ہیں، نوح دستگیر بٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، جس پر قوم ان پر فخر کرتی ہے، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دستے میں شامل دیگر کھلاڑی بھی نوح دستگیر بٹ کی طرح بہترین کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے مزید میڈلز جیتیںگے۔صوبائی وزیرکھیل جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ آج دنیا سپورٹس پر بہت زیادہ توجہ دے رہی ہے، ترقی یافتہ ممالک نے سپورٹس کے بہترین انفراسٹرکچر قائم کئے ہیں، پنجاب حکومت نے بھی چند سالوں میں سپورٹس کا جدید انفراسٹرکچر تیار کیا ہے جس کے ثمرات نوجوانوں تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، پنجاب میں سپورٹس کے میگا منصوبے بھی مکمل کئے گئے ہیں جن میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، ان سہولتوں کے باعث ہمارے نوجوان بھی عالمی چیمپئن بنیں گے۔

تعارف: newseditor