چنئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پانی کے تنازع پر ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے باعث انڈین پریمیر لیگ کے میچز بھارتی شہر چنئی سے منتقل کر دیئے گئے۔بھارت کی مشرقی ریاست تامل ناڈو کے دارالخلافہ چنئی میں پڑوسی ریاست کرناٹکا کے ساتھ پانی کے تنازع کے حوالے سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔چنئی میں پانی کے معاملے پر شروع ہونے والا احتجاج اس قدر شدت اختیار کر چکا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو زمینی سفر کے بجائے فضائی سفر کرنا پڑا۔دو روز قبل چنئی میں ہونے والے آئی پی ایل میچ کے دوران اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں افراد نے پانی کے تنازع پر شدید احتجاج کیا اور اسٹیڈیم کے اندر موجود مظاہرین نے کھلاڑیوں پر جوتے بھی اچھالے۔اس کے علاوہ ایک تامل گروہ نے چنئی میں اور میچز کرانے پر گراؤنڈ میں سانپ چھوڑنے کی دھمکی بھی دی تھی۔بھارت کے کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر آئی پی ایل کے میچز چنئی سے دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارتی کرکٹ حکام نے ابتدائی طور پر چنئی سے میچز کے منتقل کرنے کی تجویز کی مخالفت کی تاہم بعدازاں تامل ناڈو میں شدید مظاہروں کے باعث تمام حکام میچز کی چنئی سے منتقلی پر رضامند ہو گئے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال چنئی سے منتقل ہونے والے آئی پی ایل میچز کے متبادل مقام کا اعلان نہیں کیا ہے۔چیئرمین آئی پی ایل راجیو شکلا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ہم تامل ناڈو کے کرکٹ شائقین سے اپنی مقامی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا موقع نہیں چھیننا چاہتے لیکن پولیس ہمیں مطلوبہ سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔