نیویارک (سپورٹس لنک رپورٹ)ڈبلیو ڈبلیو ای کا سب سے بڑا سالانہ ایونٹ ریسل مینیا 34 اتوار کی شب ہورہا ہے، جس کاریسلنگ کے پرستاروں کو بہت زیادہ انتظار تھا۔اس موقع پر امریکی جریدے فوربس نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے زیادہ کمانے والے ریسلرز کی فہرست جاری کردی۔اس فہرست میں دس ریسلر کی 2017 کی آمدنی کو شامل کرکے درجہ بندی کی گئی ہے۔تو یہاں اس فہرست میں شامل ریسلرز کو ان کی آمدنی کے ساتھ پیش کیا جارہا ہے۔
۔کیون اوئنز
امریکی جریدے کی فہرست میں پہلی بار کیون اوئنز سب سے زیادہ کمانے والے 10 ریسلرز کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں، تاہم اس کی وجہ کمپنی کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت مختص کرنا ہے۔ انہوں نے تمام شوز کے 60 سے زیادہ مین ایونٹس میں شرکت کی اور اس حوالے سے ان سے آگے صرف رومن رینز اور اے جے اسٹائلز ہی تھے۔ کیون اوئنز 20 لاکھ ڈالرز کے ساتھ 10 ویں نمبر پر رہے۔
ڈین امبروز
گزشتہ سال ڈین امبروز اس فہرست میں 5 ویں نمبر پر تھے اور ان کی آمدنی 27 لاکھ ڈالرز تھی،تاہم 2017 ان کے لیے اتنا اچھا ثابت نہیں ہوا، حالانکہ وہ اے جے اسٹائلز کے بعد سب سے مصروف ریسلر ضرور تھے مگر بڑے مقابلوں میں بہت کم نظر آئے بلکہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے صرف 2 ایونٹس میں ہی نظر آئے، جس کی وجہ سے ان کی آمدنی 22 لاکھ ڈالرز تک گرگئی۔
۔ انڈر ٹیکر
25 لاکھ ڈالرز کما کر انڈر ٹیکر (مارک کالوے) اس فہرست میں ایک بار پھر 8 ویں نمبر پر موجود ہیں، طویل عرصے سے ریسلنگ میں سرگرم اس ریسلر کو لیجنڈ قرار دیا جاتا ہے، مگر ان کی آمدنی اس سے زیادہ حیران کن ہے کیونکہ وہ گزشتہ سال صرف رائل رمبل اور ریسل مینیا میں ہی رنگ میں نظر آئے مگر پھر بھی ان کی آمدنی گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 لاکھ ڈالرز بڑھ گئی۔
۔ سیٹھ رولنز
گزشتہ سال ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق چیمپئن اس فہرست میں 20 لاکھ ڈالرز کے ساتھ 8 ویں نمبر پر تھے مگر2016 کے برعکس 2017 میں وہ پہلے ریسل مینیا میں ٹرپل ایچ کو شکست دینے میں کامیاب رہے اور پھر تمام ایونٹس میں ایکشن میں دکھائی دیئے، جس کی بدولت 27 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے۔
۔ رینڈی اورٹن
دی وائپر کے نام سے معروف رینڈی اورٹن گزشتہ سال 19 لاکھ ڈالرز کے ساتھ 10 ویں نمبر پر تھے، جس کی وجہ 2016 میں زیادہ وقت انجری کے باعث رنگ سے دور رہنا تھا مگر 2017 ان کے لیے اچھا سال ثابت ہوا، جب وہ ریسل مینیا میں ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بنے جبکہ مجموعی طور پر 11 ایونٹس میں حصہ لیا۔
۔ ٹرپل ایچ
ٹرپل ایچ اب ریسلنگ رنگ میں تو بہت کم نظر آتے ہیں، ان کی اصل آمدنی ایگزیکٹو نائب صدر اور دیگر عہدوں کی وجہ سے ہے جس کی بدولت انہیں صرف تنخواہ کی مد میں لاکھوں ڈالرز ملتے ہیں جبکہ میچز میں شرکت کا معاوضہ الگ ہے، مجموعی طور پر وہ 32 لاکھ ڈالرز کما کر 5 ویں نمبر پر رہے۔
۔ اے جے اسٹائلز
اے جے اسٹائلز پہلی بار اس فہرست کا حصہ بنے ہیں اور ان کا یہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں بھی پہلا کیلنڈر ائیر تھا، اور انہوں نے کسی بھی ریسلر کے مقابلے میں زیادہ مقابلوں میں حصہ لیا۔ سو سے زائد تو صرف ایسے ہاؤس شوز تھے جو ٹیلیویژن پر نشر نہیں ہوئے جبکہ دیگر مقابلے الگ ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ 35 لاکھ ڈالرز سمیٹنے میں کامیاب رہے۔
۔ رومن رینز
ڈبلیو ڈبلیو ای ان کو جان سینا کی جگہ لینے کے لیے تیاری کررہی ہے، یہی وجہ ہے کہ 2015 میں اگر ان کی آمدنی 21 لاکھ ڈالرز اور 2016 میں 35 لاکھ ڈالرز تھی تو 2017 میں وہ 43 لاکھ ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے، حالانکہ گزشتہ سال وہ چوتھے نمبر پر تھے۔
۔ بروک لیسنر
بروک لیسنر ڈبلیو ڈبلیو ای کے شوز اور ایونٹس میں بہت کم شریک ہوتے ہیں مگر پھر بھی اس وقت رومن رینز اور جان سینا کے ساتھ مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں، 2015 میں 60 لاکھ ڈالرز کما کر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر تھے مگر 2016 میں ان کی آمدنی دوگنا بڑھ گئی اور وہ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالرز (ایک ارب 25 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) کے ساتھ سب سے زیادہ کمانے والے ریسلر کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، تاہم 2017 میں آمدنی 50 فیصد تک کم ہوگئی یعنی 65 لاکھ ڈالرز، اس طرح وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
۔ جان سینا
جان سینا 2015 میں 95 لاکھ ڈالرز کما کر نمبرون تھے، مگر 2016 میں وہ انجری کے باعث کافی عرصے تک ایکشن سے دور رہے جبکہ فلموں میں کام کرنے کے باعث بھی وہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے دور ہورہے ہیں، تاہم پھر بھی 80 لاکھ ڈالرز کما کر دوسرے سب سے زیادہ کمانے والے ریسلر قرار پائے، تاہم 2017 ان کے کیرئیر کے لیے چاہے کچھ زیادہ اچھا نہ ہو مگر آمدنی کے لحاظ سے بہترین ثابت ہوا اور 1 کروڑ ڈالرز کے ساتھ وہ سب سے زیادہ کمانے والے ریسلر کا اعزاز ایک بار پھر اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔