گولڈکوسٹ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے محمد بلال نے انگلینڈ کے ریسلر کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا آسڑیلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2018 کے دوران ریسلنگ کے 57 کلو گرام کیٹیگری مقابلے میں پاکستان کے محمد بلال نے انگلینڈ کے ریسلر کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔پاکستان کے محمد بلال نے برطانوی ریسلر جارج رام کو 5-1 سے چت کیا۔محمد بلال کو سیمی فائنل میں بھارتی ریسلر راہول آواری سے 3-1 سے شکست کھا گئے تھے۔پاکستان کو کانسی کا تمغہ جتوانے والے ریسلر نے ایشین گیمز میں بھی اپنے ملک کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے تیسرا تمغہ ہے، اس سے قبل پاکستان کامن ویلتھ گیمز میں مزید 2 میڈل اپنے نام کر چکا ہے۔واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز 2018 کے دوران پاکستان کے طلحہ طالب نے 62 کلو گرام کے ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کو پہلا میڈل دلایا تھا۔بعدِ ازاں پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے کامن ویلتھ گیمز 2018 میں ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں کل 395 کلو گرام وزن اٹھا کر پاکستان کو دوسرا کانسی کا تمغہ دلوایا تھا۔کامن ویلتھ گیمز 2018 میں اب تک میں آسٹریلیا 60 طلائی تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے جہاں اس نے 43 چاندی اور 45 کانسی کے تمغے حاصل کیے ہیں۔اس فہرست میں انگلینڈ 26 طلائی، 31 چاندی اور 31 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے جبکہ بھارت 14 طلائی، 6 چاندی اور 9 کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔