پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کے سلسلے میں ہزارہ ریجن میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے جس میں ڈسٹرکٹ ہری پور نے مجموعی طورپر 125 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرکے اوور آل ٹرافی اپنے نام کرلی ، ایبٹ آباد 90 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور مانسہرہ 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر رہی،اس سے قبل ہری پور نے خواتین مقابلوں میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کی تھی ، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس سید ثقلین شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹرڈویلپمنٹ سلیم رضا،اے ڈسپورٹس نعمت اﷲ مروت ،ڈی ایس او ایبٹ آباد مس گل رخ،ڈی ایس او ہری پور احمد زمان، ،اے ڈی سپورٹس ذاکر اﷲ،سابق ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخواطارق محمود،سیف گولڈ میڈلسٹ و صدارتی ایوارڈیافتہ خالد نور ،شاہ فیصل سمیت دیگراہم شخصیات مود تھیں۔
محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیراہتمام صوبے میں جاری انڈر23 گیمز کے تیسرے ایڈیشن کے سلسلے میں ہزارہ ریجن میں مردوخواتین کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئے جس میں ڈسٹرکٹ مانسہرہ ، ڈسٹرکٹ بٹگرام ، ڈسٹرکٹ تورغر، ڈسٹرکٹ کوہستان، ڈسٹرکٹ ہری پور اور ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد کی ایک ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے مردوں کے پندرہ اور خواتین کے تیرہ مختلف گیمز میں حصہ لیا۔ ان مقابلوں میں ڈسٹرکٹ ہری پور کے کھلاڑیوں نے بہترین پرفارمنس کامظاہرہ کرتے ہوئے سات گولڈ اور سات سلور میڈلز جیت کر 125 پوائنٹس کے ساتھ اوور آل پہلی پوزیشن حاصل کی ۔
ایبٹ آباد نے چھ گولڈ چھ سلور میڈلز جیت کر 90 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ مانسہرہ 45 پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر رہی ۔ہری پور نے ہاکی ،کبڈی ، ٹیبل ٹینس، والی بال ، رسہ کشی ، ریسلنگ ،ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جبکہ لان ٹیسن ، جمناسٹک ، کراٹے ، سکواش، بیڈمنٹن اور باسکٹ بال میں سلور میڈل حاصل کیا، ایبٹ آباد نے بیڈمنٹن ، سکواش، ٹینس ، کراٹے اور باسکٹ بال میں گولڈ جبکہ کبڈی ، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور ایتھلیٹکس میں سلور میڈل اپنے نام کی ، مانسہرہ نے جوڈو میں گولڈ جبکہ بٹگرام نے جمناسٹک میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔