پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کی جانب سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈلز جیتنے والے 18 کھلاڑیوں میں انڈومنٹ فنڈ سے تقریباً 15 لاکھ روپے نقد رقم تقسیم کی گئی اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا جنید خان نے کھلاڑیوں کو چیک دیئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عزیز اللہ اور نظامت کھیل کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان کا کہنا تھا کہ نقد رقم دینے کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ مزید دلجمعی کے ساتھ کھیلوں پر توجہ دیں حکومت نہ صرف صوبائی بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صوبے کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے
صوبے نے ہر دور میں ملک وقوم کو نامور کھلاڑی دیئے ہیں جن میں ایسے بھی ہیں جو کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں لیکن کھلاڑی ہونے اور روایات کی وجہ سے سامنے نہیں آرہے ہیں ایسے کھلاڑیوں کو تلاش کر کے نظامت کھیل کے علم میں لایا جائے تاکہ ان کی مدد کی جاسکے۔
جن کھلاڑیوں میں رقم تقسیم کی گئی ان میں سوئمنگ کے معاذ اختر، باڈی بلڈنگ کے محمد نعمان، سکی کے عصمت علی، فل کنٹکٹ کراٹے کے سیف اللہ گل، عبدالرحمن، زور خانہ کے ارباب سردار احمد خان، ووشو کے محمد عمران، بلائنڈ کرکٹ کے ریاست خان، ثناء اللہ، ہاکی کے سمیع اللہ، عبدالرؤف، کراٹے کے باز محمد، محمد کاشف، ابراہیم، شاہ فیصل، ٹینس کے کاشان عمر، حامد اسرار اور سکواش کے حارث اقبال شامل ہیں۔