کوالالمپور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کو اپنے ہوم میچز کی میزبانی کیلئے ملائیشیا کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے اور ملائیشین کرکٹ ایسوسی ایشن کے حکام پاکستان کے انٹرنیشنل میچوں کے علاوہ پی ایس ایل کے مقابلوں کی میزبانی کیلئے بھی پرجوش ہیں۔ایم سی اے کے صدر مہندا ولیپورم کے مطابق ملائیشیا میں کرکٹ کیلئے مضبوط انفرااسٹرکچر موجود ہے اور دستیاب وینیوز پر مصنوعی روشنیوں میں ڈے اینڈ نائٹ میچز کا انعقاد بھی ممکن ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی یو اے ای میں میزبانی پر آنے والے بھاری اخراجات کے باعث متبادل وینیوز کی تلاش میں ہیں اور ملائیشیا کو بطور ممکنہ متبادل قابل غور سمجھا جا رہا ہے۔ ملائیشین حکام رواں سال پاکستان کی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز کو مقامی شائقین کیلئے اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں۔