بنگلور(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی پی ایل سیزن گیارہ کے 31ویں معرکے میں رائل چیلنجرز بنگلور نے ممبئی انڈینز کیخلاف 14 رنز سے فتح ممکن بنائی جس کیلئے اوپنر منان وہرہ کی عمدہ بیٹنگ کارکردگی کے علاوہ مرد میدان ٹم ساؤتھی کی باؤلنگ نے اہم کردار نبھایا۔ایم چناسوامی سٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور نے سات وکٹوں پر 167رنز کا مجموعہ ترتیب دیا جس میں اوپننگ بیٹسمین منان وہرہ دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ برینڈن میکولم نے 37،کپتان ویرات کوہلی نے 32 اور گرینڈہوم نے ناقابل شکست 23 رنز کا اضافہ کیا۔ ممبئی انڈینز کی جانب سے ہردیک پانڈیا ہی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر سکے ۔ جوابی اننگز میں ابتدائی تین وکٹیں محض 21 رنز پر گنوانے والی ممبئی انڈینز کی ٹیم سنبھل نہ سکی کیونکہ جین پال ڈومینی بھی 23 رنز بنا کر واپس گئے تو پانچ وکٹیں 84 رنز پر گر چکی تھیں۔ ہردیک پانڈیا نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 50 اور ان کے بھائی کرونال پانڈیا نے 23 رنز کا اضافہ کیا اور ممکنہ فتح کا تعاقب کرتے رہے لیکن اپنی ٹیم کو چھٹی ناکامی سے بچانے میں ناکام رہے ۔ مین آف دی میچ ٹم ساؤتھی،اومیش یادیو اور محمد سراج نے دو،دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔