کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)34ویں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے لیے پاکستان اسنوکر ٹیم ایران روانہ ہو گئی ہے ۔ ایونٹ کی تیاری کے لئے کراچی میں لگایا گیا قومی تربیتی کیمپ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا جس کے بعد آج علی الصبح قومی ٹیم تبریز روانہ ہو گئی۔ واضح رہے کہ چیمپئن شپ 6 تا 12 مئی تبریز میں شیڈول ہے جس میں پاکستان کے صف اول کے ٹاپ کیوئسٹس محمد آصف، محمد بلال، بابر مسیح اور ماجد علی پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ نوید کپاڈیہ چیمپئن شپ میں ریفری کی ذمہ داری ادا کریں گے جبکہ قومی اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر منور شیخ بھی ایران جائیں گے ۔ منور شیخ ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈ اسپورٹس کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے ۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے ترجمان کے مطابق پاکستانی کیوئسٹس نے میگا ایونٹ کے لئے سات روزہ کیمپ میں بھرپور تیاری کی اور پر اعتماد ہیں کہ ایونٹ میں پاکستان اور اپنے لئے اعزازات حاصل کریں گے ۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ قومی نمبر ون کھلاڑی محمد آصف بھرپور فارم میں ہیں اور ان سے بڑی امیدیں ہیں کیونکہ وہ سابق عالمی چیمپئن ہیں اس کے علاوہ ان کے پاس انٹرنیشنل ایونٹس کا تجربہ بھی وسیع ہے جبکہ دیگر کیوئسٹ بھی ایونٹ میں کچھ کر دکھانے کے لئے بے قرار ہیں۔ انہوں نے بھی بھرپور محنت کی ہے اس لئے امید ہے کہ مایوس نہیں کریں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیمپئن شپ میں سخت مقابلے متوقع ہیں لیکن قومی کیوئسٹس اچھی کارکردگی پیش کر کے ایشین ٹائٹل جیتنے کے لئے پر اعتماد ہیں۔