راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کو پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پر مبنی خط بھیجا ہے۔آرمی چیف کی جانب سے بھیجے جانے والے خط میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیز سیریز کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پی ایس ایل اور ویسٹ انڈیز کی سیریز پاکستان کی کرکٹ کے لیے بڑی کامیابی ہے، چیئرمین پی سی بی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ سربراہ پاک فوج نے مزید کہا کہ لینڈ مارک اچیومنٹ سے سیکیورٹی سے متعلق پاکستان کا مثبت چہرہ سامنے آیا، پاکستان آرمی ملک کے مثبت امیج کے لیے پی سی بی کی سپورٹ جاری رکھے گی۔یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے تاہم پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل کا انعقاد لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا جس نے انٹرنیشنل کرکٹرز کو دوبارہ پاکستان آنے کے لیے راہ ہموار کی۔ رواں سال ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے تین میچز پاکستان میں ہوئے جس میں غیرملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پی ایس ایل کے فوری بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گئی۔