راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین مری بروری کمپنی اسفن یار بھنڈارا نے کہا ہے کہ پاکستان مین کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ فروغ کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کودہشت گردی ،ڈرگز اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھاجائے۔اسپورٹس کے فروغ میں ملٹی نیشنل اور نیشنل کمپنیوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ہمیں ایک صحت مند معاشرے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریس کورس پارک راولپنڈی میں 114ویں ایم پی بھنڈارا میموریل پولو کپ فائنل میچ میں کامیاب ٹیم میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پولوٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا تقریب کے مہمان خصوصی ری پبلک آف بلغاریہ کے سفیر ریمن تھے ۔فائنل میں کالاباغ آسیان کی ٹیم نے آٹھ گول کرکے پانچ گول کی برتری سے سیکورٹی2000کی ٹیم کو شکست دی ۔تقریب میں کالا باغ آسیان ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے سمیرا ملک موجود تھیں ،جبکہ جسٹس (ر)علی نواز چوہان نے تقریب میں خصوصی طورپرشرکت کی ،انہوں نے کہا کہ مری بروری کاتاریخی اہمیت کے حامل پولوٹورنامنٹ کا آغاز 1904میں ہواتھا۔