ڈبلن ٹیسٹ،بابر اور امام نے لاج رکھ لی،پاکستان فاتح

ڈبلن(سپوٹرس لنک رپورٹ) آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم اور امام الحق کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستان نے آئرلینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 160 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔میچ پانچویں روز آئرلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز سے اپنی دوسری اننگز شروع کی لیکن اس کے آخری تینوں کھلاڑی محض 20 رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری ٹیم 339 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی تین وکٹیں صرف 14 رنز کے مجموعے پر گرگئیں۔اظہر علی 2، حارث سہیل 7 اور اسد شفیق صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھی وکٹ پر بابر اعظم اور امام الحق نے ٹیم کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 126 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جس کے بعد بابر اعظم 140 کے مجموعی اسکور پر 59 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے تاہم وہ میچ فنش نہ کرسکے اور 8 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔سرفراز کے بعد شاداب خان کریز پر آئے جنہوں نے امام الحق کا خوب ساتھ دیا اور میچ کو منطقی انجام تک پہنچایا۔نوجوان لیفٹ آرم بیٹسمین امام الحق 74 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور وہ دوسری اننگز میں پاکستان کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ شاداب خان 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 66 رنز دے کر 5، محمد عامر نے 63 رنز دے کر 3 جب کہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔آئرلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ کا درجہ ملنے کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

 

error: Content is protected !!