لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سپورٹس کا بہت ٹیلنٹ ہے اور آج اس ٹیلنٹ کو دیکھا بھی ہے، خوشی ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ منعقد کرائی ہے اسی طرح کے ایونٹس سے ہی نیا عامر خان نکلے گا،وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے کہ عالمی باکسر عامر خان ہمارے درمیان موجود ہیں جس سے نوجوان باکسرز کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، باکسنگ چیمپئن شپ میں نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں ان میں سے ہی چیمپئن بنیں گے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب عامر خان نے کہا کہ یہ ایونٹ پنجاب کی سپورٹس کی تاریخ میں ایک نئی صبح کا آغاز ہے، سپورٹس میں آج نئی تاریخ رقم ہورہی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب 50ملین روپے کی لاگت سے عالمی معیار کا باکسنگ رنگ تیار کرے گا، باکسنگ چیمپئن شپ ابتدا ہے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس منعقد کراتے رہیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی شب الحمراء کلچرل کمپلیکس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام منعقد ہونیوالی پہلی پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں رنگا رنگ ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا اور فائر ورکس کا مظاہرہ بھی ہوا، قبل ازیں الحمراء کلچرل کمپلیکس آمد پر وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان عالمی باکسر عامر خان کو خوش آمدید کہااور گلدستہ پیش کیا گیا،عامر خان کے ساتھ ان کی اہلیہ فریال بھی تھیں، اس موقع پر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، محمد حفیظ بھٹی و دیگر افسران بھی موجود تھے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی باکسر عامر خان نے کہا کہ باکسنگ چیمپئن شپ میں مدعو کرنے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کا ممنون ہوں، پاکستان کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں، میرا خواب ہے کہ پاکستان میں باکسنگ مقابلہ کروں اور میری یہ بھی خواہش ہے کہ پاکستانی باکسرز ورلڈ اور اولمپک چیمپئن بنیں، پاکستان میں ہر جگہ باکسنگ رنگ بنانا ہوں گے، نوجوانوں کے مقابلے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، نوجوان محنت کریں اور ملک کا نام روشن کریں، میری خدمات ہر وقت پاکستان کے حاضر ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل جہانگیر جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ باکسنگ چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، میں اعلان کرتا ہوں کہ باکسنگ چیمپئن شپ سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ کیلنڈر میںشامل کی گئی ہے یہ باقاعدگی سے ہر سال منعقد ہوا کرے گی، باکسنگ کے فروغ کے لئے پنجاب کی 9ڈویژنز میں عالمی معیار کے باکسنگ رنگ بنا رہے ہیں،نوجوانوں کو سپورٹس کا مکمل ماحول فراہم کیا گیا ہے، بہترین سہولتیں دے رہے ہیں جس سے ہمارے نوجوان کھلاڑی اپنے کھیل کو بہتر بنا رہے ہیں، پنجاب حکومت نوجوانوں کیلئے بہت کام کررہی ہے، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اپنے خطاب میں عالمی باکسر عامر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج یہ تاریخی دن ہے کہ عظیم باکسر ہمارے درمیان موجود ہیں، عامرخان کی آمد سے نوجوان باکسرز کا حوصلہ بڑھا ہے اور ان میں گرم جوشی پیدا ہوئی ہے جو کہ ہم سب کی کامیابی ہے، یہ ایونٹ پنجاب کی سپورٹس کی تاریخ میں ایک نئی صبح کا آغاز ہے، سپورٹس میں آج نئی تاریخ رقم ہورہی ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب 50ملینروپے کی لاگت سے عالمی معیار کا باکسنگ رنگ تیار کرے گا جوکہ امریکہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک سے سہولتوں کے حوالے سے کسی طرح بھی کم نہیں ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ پہلی پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ سے تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں میں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا ہوا ہے، دیگر کھیلوں کے بھی یادگار ایونٹ منعقد کرائے گئے اور ان کو کھلاڑیوں کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا پورا موقع دیں گے۔تقریب کے اختتام پر عامر خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔