اسکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی،رضا حسن کی ٹیم میں شمولیت کا امکان

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ بولر رومان رئیس کی انجری طویل ہوگئی ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے تجربہ کار لیفٹ آرم اسپنر رضا حسن اور نوجوان آل راؤنڈر عمید آصف پر نظریں جمالیں ہیں۔اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا البتہ تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بھی ٹیم میں رکھا گیا ہے۔تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق، ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پر فارمر کامران اکمل اور ان کے بھائی عمر اکمل کا نام بھی شامل نہیں ہے۔انگلینڈ اور آئرلینڈ میں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مشاروت کے بعد 25 کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی ہے۔زمبابوے میں سہہ فریقی ٹورنامنٹ کے بعد پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے انٹر نیشنل بھی کھیلے گی۔ اس وقت تک اگر لیگ اسپنر یاسر شاہ فٹ ہوگئے تو انہیں بھی ون ڈے سیریز میں کھلایا جاسکتا ہے۔جولائی اگست میں زمبابوے کی سہہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تیسری ٹیم آسٹریلیا کی ہوگی۔سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے رضا حسن اور عمید آصف قوت بخش ادویات کے استعمال کی پاداش میں پابندی گزار چکے ہیں۔رضا حسن پر عائد دوسال کی پابندی گذشتہ سال ختم ہوئی تھی۔ رضا حسن نے لاہور قلندرز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی تھی جبکہ عمید آصف نے پی ایس ایل میں پشاور زلمی کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔رضا حسن پر جب پابندی لگی اس وقت وہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے مستقل رکن تھے، رضا حسن اور عمید آصف نے سیالکوٹ ریجن کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو میں بھی شرکت کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 کھلاڑیوں کی فہرست میں سے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔اس فہرست میں رضا حسن،عمید آصف، یاسر شاہ، اوپنرز احمد شہزاد، شان مسعود،عمر امین، شاہین شاہ آفریدی،عثمان خان شنواری اور اظہر علی کے نام بھی شامل ہیں۔

تعارف: newseditor