سرفراز بطور کپتان لارڈز ٹیسٹ تاریخی بنانے کے خواہاں

لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ لارڈز ٹیسٹ کو اپنی کارکردگی سے یارگار بنانا چاہتے ہیں۔لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ لارڈز پر پہلی بار نہیں کھیل رہا لیکن بطور کپتان یہاں ٹیسٹ کھیلنا پہلا تجربہ ہے جسے اپنی کارکردگی کے ساتھ یادگار بنانے کی خواہش ہے۔سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کو تسلیم کیا کہ میزبان انگلش ٹیم گھر میں مضبوط ہو گی تاہم ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ حالیہ عرصے میں انگلش ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی ہے۔انگلینڈ کو لارڈز میں ہرانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ممکن ہے تاہم شکست کا کڑوا گھونٹ بھی ہمیں پینا پڑ سکتا ہے جو کھیل کا حصہ ہے، البتہ بطور کپتان میری خواہش ہے کہ ہماری ٹیم اچھی کرکٹ کھیلے۔ٹیم کے انتخاب کے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا، حسن علی ہماری ترجیح ہوں گے، البتہ اس بات کا انحصار ان کی فٹنس اور پریکٹس سیشن میں بولنگ کارکردگی پر منحصر ہے۔موسم کے سوال پر سرفراز احمد بولے یہ بڑا دلچسپ سوال ہے، ہمیں انگلینڈ آئے ہوئے کافی وقت گزر چکا لیکن کبھی ہم گرمی میں کھیلتے ہیں اور کبھی اتنی سردی میں میدان میں اترنا پڑتا ہے کہ جیبوں سے ہاتھ باہر نکالنے کا دل ہی نہیں کرتا۔وکٹ کیپر کپتان نے کہا کہ وہ ایک ایسی نوجوان ٹیم کے ساتھ لارڈز میں انگلینڈ سے مقابلہ کر نے جا رہے ہیں جس کے صرف 4 کھلاڑی محمد عامر، اظہر علی، اسد شفیق اور وہ خود اس سے پہلے یہاں ٹیسٹ کھیلے ہیں، البتہ اس بات سے قطع نظر اچھی اور مثبت کرکٹ کھیل کر وہ یہاں سے واپس جانا چاہیں گے۔

تعارف: newseditor