لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی سلیکشن کمیٹی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مشاورت سے زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز اور ون ڈے میچوں کیلئے پاکستانی ٹیم کا انتخاب اگلے دو دن میں کرے گی۔ بالنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ون ڈے ٹیم میں واپسی یقینی ہے جبکہ جنید خان کا نام بھی زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بدھ کو لاہور میں طلب کیا گیا ہے جہاں تینوں سلیکٹرز توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر بھی لاہور پہنچ کر چیف سلیکٹر انضمام الحق کو جوائن کریں گے۔ذرائع کے مطابق رومان رئیس،عماد وسیم اور یاسر شاہ بدستور ان فٹ ہیں لہٰذا تینوں کی سلیکشن پرغور نہیں ہوگا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کا کوئی امکان نہیں تاہم ون ڈے سیریز میں ان کی شمولیت ممکن ہوسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے آئی سی سی کی جانب سے بالنگ ایکشن کلیئر ہونے کے بعد محمد حفیظ کی ٹیم میں شمولیت یقینی ہے۔ فخر زمان اور امام الحق کی موجودگی میں اوپنرشان مسعود بھی پاکستان ٹیم میں شمولیت کیلئے مضبوط امیدوار اور اظہرعلی کے متبادل بن سکتے ہیں جو کامیاب ڈومیسٹک سیزن کے باوجود ان فٹ ہونے کی وجہ سے حالیہ دوروں کیلئے نظر انداز کردیئے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں احمد شہزاد کی غیر مستقل مزاج کارکردگی سے ٹیم انتظامیہ خوش نہیں لہٰذا انہیں ڈراپ کیا جا سکتا ہے جبکہ فاسٹ بالر محمد عامر کو آرام دینے کی تجویز ہے تاہم مکی آرتھر اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ محمد عامر کو آرام دیا جائے یا انہیں ون ڈے ٹیم میں بھی حسب روایت شامل رکھا جائے۔