ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)پرتگالی سٹار کرسٹیانو رونالڈو فیفا ورلڈ کپ دو ہزار اٹھارہ میں ‘‘گولڈن بوٹ’’کی دوڑ میں سرفہرست دکھائی دے رہے ہیں جنہوں نے گروپ میچز کے دوسرے راؤنڈ کے آغاز پر چار گولز بنا کر تمام کھلاڑیوں میں خود کو نمایاں کرلیا ہے۔ وہ حالیہ میگا ایونٹ کے دوران ہیٹ ٹرک کرنے والے واحد کھلاڑی ہیں جب انہوں نے 19 جون کو اپنی ٹیم کے افتتاحی میچ میں سپین کیخلاف تین گولز بنا کر میچ ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ انہوں نے چوتھا گول مراکش کیخلاف بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔رونالڈو کے علاوہ روس کے ڈینس چیری شیف تین گول کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں جبکہ سپین کے ڈیاگو کوسٹا،انگلینڈ کے ہیری کین اور بیلجیئم کے رومیلو لوکاکو نے دو،دو گول سکور کئے ہیں۔ گولڈن بوٹ ایوارڈ کیلئے ایک سے زائد پلیئرز کے زیادہ گول برابر ہوں تو تو پھر گولڈن بوٹ کا حقدار وہ کھلاڑی بن جاتا ہے جس نے گول سکورنگ میں سب سے زیادہ معاونت کی ہو یا کم وقت میں زیادہ گول بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔فرانس کے جسٹ فونٹین فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولز بنا کر گولڈن بوٹ ایوارڈ کے مستحق قرار پائے جنہوں نے ورلڈ کپ 1958ء میں 13 گولز بنائے تھے۔