ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ کپ 2018 کے پہلے ناک آؤٹ میچ میں ارجنٹائن کے خلاف اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارا کرانے والے فرانسیسی کھلاڑی کائلیان ایم باپے نے عظیم برازیلین فٹبالر کا 60سال پرانا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ کے دوسرے ہاف میں فرانس اور گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ارجنٹائن کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر تھا۔اس موقع پر ایمباپے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے محض پانچ منٹ کے وقفے سے 64ویں اور پھر 68ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اہم میچ میں اپنی ٹیم کی برتری دگنا کردیا۔یکے بعد دیگرے دو گول پڑنے سے ارجنٹائن کی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی اور میچ میں 4-3 کی شکست سے دوچار ہوئی اور ایمباپے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔اس میچ میں دو گول اسکور کر کے ایمبامے 1998 کے بعد ورلڈ کپ میں ایک سے زیادہ گول کرنے والے پہلے نوجوان(ٹین ایجر) کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس سے قبل 1998 میں فرانس میں ہونے والے عالمی کپ میں انگلینڈ کے مائیکل اوون نے دو مختلف میچوں میں گول اسکور کیے تھے اور دلچسپ امر یہ کہ اس وقت ایمباپے پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔تاہم اس سے بڑھ کر 19سالہ ایمباپے نے عظیم برازیلین فٹبالر پیلے کا 60سال پرانا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔ فرانسیسی فٹبالر نے میچ کے دوران دو گول اسکور کیے جس کے ساتھ ہی وہ 60سال بعد ورلڈ کپ کے ایک ہی میچ میں دو گول اسکور کرنے والے پہلے ٹین ایجر کھلاڑی بن گئے۔اس سے قبل 1958 کے ورلڈ کپ فائنل میں سوئیڈن کے خلاف میچ میں برازیل کے پیلے نے دو گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو عالمی چیمپیئن بنایا تھا۔