اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی 7 ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹی پر طوفان سے کوہ پیمائی کرنے والے تین غیر ملکی کوہ پیماؤں میں سے ایک ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘ کے مطابق الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری قرار حیدری نے کہا کہ وادی ہنزہ کی اُلتر سَر چوٹی کی 5 ہزار 900 میٹر کی بلندی پر جمعہ کی رات کو آنے والا مضبوط طوفان کوہ پیماؤں کے خیمے سے ٹکرایا، جس سے آسٹریا کے کوہ پیما کرسچن ہُبر ہلاک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گروپ کے دیگر دو کوہ پیما بریٹنز بروس نورمینڈ اور ٹِموتھی مِلر تودہ گرنے سے زخمی ہوئے، تاہم وہ محفوظ ہیں اور انہیں ریسکیو کرنے کے لیے ہیلی کاپٹرز بھیج دیئے گئے ہیں۔تین رکنی گروپ نے اپنی کوہ پیمائی کا مہم مئی کے آخر میں آغاز کیا تھا اور انہیں جولائی کے پہلے ہفتے تک اس کی اجازت دی گئی تھی۔ٹیم کے معاملات وادی ہنزہ کی ٹوور آپریٹنگ کمپنی ’ہائیر گراؤنڈ ایکسپیڈیشنز‘ دیکھ رہی تھی۔ہائیر گراؤنڈ ایکسپیڈیشنز کے ایک ملازم عبدالکریم ذوقی کا کہنا تھا کہ ریسکیو ہیلی کاپٹرز عملے کو موسم کی کلیئرنس ملنے کے بعد حادثے میں زندہ بچ جانے والے دونوں کوہ پیماؤں کو واپس لے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے کوہ پیما کی لاش اور اس کا گیئر مل چکا ہے، جسے واپس لایا جارہا ہے۔تاہم عبدالکریم ذوقی نے کہا کہ مہم کی قیادت کرنے والے بریٹنز بروس نورمینڈ نے انہیں ای میل میں کہا کہ موسم مزید خراب ہورہا ہے۔واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں پاک فوج کے رضا کاروں نے ہمالیہ کی چوٹی پر پھنسنے والی فرانسیسی کوہ پیما کی جان بچائی تھی، تاہم پولش کوہ پیما کو ڈھونڈنے کی کوششیں کئی روز بعد ختم کرتے ہوئے انہیں مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔الیزابتھ ریوول اور ٹوماس میکیاوچ دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سَر کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جس دوران انہیں مدد کی ضرورت پیش آئی تھی۔