ڈبلن(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارت نے آئرلینڈ کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 143 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے وائٹ واش کر دیا، آئرش ٹیم 213 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں 12.3اوورز میں 70 رنز پر ڈھیر ہو گئی، آئرش ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی سپنرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، لوکیش راہول نے 70 اور سریش رائنا نے 69 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، راہول میچ اور یزویندرا چاہل سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ڈبلن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے، لوکیش راہول نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، سریش رائنا 69 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، کپتان ویرات کوہلی 9 اور روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ہرڈک پانڈیا 32 اور منیش پانڈے 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کیون اوبرائن نے 3 اور پیٹر چیس نے 1 وکٹ لی، جواب میں آئرش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 13ویں اوور میں 70 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، آئرش ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکے، کپتان گیری ولسن 15، ولیم پورٹرفیلڈ 14، تھامسن 13، رینکن 10، شینن 2، بلبرائن 9، پال سٹرلنگ، کیون اوبرائن، سیمی سنگھ بغیر کوئی رن بنائے اور ڈوکریل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، چاہل اور کلدیپ یادیو نے 3، 3 اور اومیش یادیو نے 2 وکٹیں لیں۔