کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)امارات کرکٹ بورڈ سے حال ہی میں کامیاب مذاکرات کے باوجود پی سی بی اپنے موقف پر قائم ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پاکستانی پلیئرز کو امارات کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو رواں سال دسمبر میں شیڈول ہے۔ایک پی سی بی آفیشل کے مطابق گزشتہ دنوں پی ایس ایل کی جنرل باڈی میٹنگ کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا جا چکا ہے کہ پی سی بی اپنے زیر معاہدہ کھلاڑیوں کو امارات میں ہونے والی لیگ میں شرکت کی اجازت نہیں دے گا تاہم دوسری جانب امارات میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف پرعزم ہیں کہ وہ مستقبل قریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاملات کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امارات میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مددگار ثابت ہو گی جو خود کو بہتر بنانے کا بہترین موقع حاصل کریں گے جس کے پاکستان کرکٹ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر پاکستان سپر لیگ اور امارات کے ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کو گلوبل کرکٹ کے دو اہم ترین مقابلوں کی صورت کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ امارات میں پانچ فرنچائز چوبیس روزہ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر بائیس میچز کھیلیں گی۔