عالمی فٹبال کپ مقابلے،برازیل ریکارڈ بکس پرقابض

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ) فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کی ریکارڈ بکس میں پانچ مرتبہ کی ٹائٹل ہولڈر سائیڈ برازیل کی مکمل حکمرانی واضح ہے جس نے 1970ء کے بعد ہر بار ناک آؤٹ راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا اور سب سے زائد گولز کے علاوہ 73 فتوحات کے ساتھ وہ ٹاپ پر ہے ۔رواں عالمی کپ کے لاسٹ 16 راؤنڈ میں میکسیکو کیخلاف نیمار جونیئر کا پہلا گول برازیل کی جانب سے مجموعی طور پر 227 واں گول بھی تھا جس نے جرمنی کے 226 گولز کا ریکارڈ توڑ دیا۔عالمی کپ کے 21 ایڈیشنز میں ایک بار بھی برازیلین ٹیم غیر حاضر نہیں رہی جو ورلڈ کپ میں 73 فتوحات کی بدولت ٹاپ پوزیشن پر فائز ہے جس کے کھلاڑی لیونیڈاس (1938ء) ایڈیمیر (1950ء) گارینچا اور واوا (1962ء) جبکہ رونالڈو (2002ء) چار ایڈیشنز میں ٹاپ اسکورر قرار پائے۔ دو ہزار دو سے لے کر دو ہزار چھ تک لگاتار گیارہ فتوحات کا ریکارڈ قائم کرنے والی برازیلین ٹیم نے انیس سو تیس سے لے کر انیس سو اٹھاون تک لگاتار 18میچوں میں گول اسکور کئے ۔ برازیل کے ماریو زگالو پہلے فرد ہیں جنہوں نے بطور کھلاڑی انیس سو اٹھاون اور انیس سو باسٹھ کے فاتح عالمی کپ اسکواڈ کیلئے خدمات انجام دیں اور جب انیس سو ستر میں برازیل نے ایک بار پھر ٹائٹل جیتا تو وہ اس ٹیم کے کوچ تھے ۔برازیل کے شہرہ آفاق کھلاڑی پیلے کم عمر ترین اسکورر،سب سے کم عمری میں ہیٹ ٹرک میکر کے ساتھ فائنل میں سب سے کم عمر اسکورر بھی بنے اور وہ واحد کھلاڑی ہیں جن کی موجودگی میں برازیل نے تین بار عالمی کپ کی ٹرافی پر قبضہ کیا۔رونالڈو برازیل کی جانب سے ورلڈ کپ میں آل ٹائم ٹاپ اسکورر ہیں جنہوں نے 19 میچوں میں 15 گولز اسکور کئے ۔اگرچہ برازیل کو دو ہزار دو کے بعد ٹائٹل جیتنے کا موقع نہیں ملا لیکن اس نے ہر ایڈیشن کے لاسٹ 16 راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا اور میکسیکو کیخلاف پانچ میچوں میں 13 گولز بنانے والی ٹیم نے کوئی گول نہیں کھایا جو سب سے بڑا فرق ہے ۔

تعارف: newseditor