بلاوایو(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق کپتان اور پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین شعیب ملک نے زمبابوے کے خلاف پانچویں ون ڈے میں 18رنز کی اننگز کے دوران اپنےکیریئر کے سات ہزار رنز مکمل کر لئے۔36 سالہ شعیب ملک نے یہ اعزاز اپنے 266ویں میچ میں انجام دیا۔شعیب ملک کے علاوہ سلیم ملک، یونس خان، جاوید میاں داد، شاہد خان آفریدی، سعید انور، محمد یوسف اور انضمام الحق پاکستان کے لیے سات ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہیں۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والے انضمام الحق ہیں جنہوں نے378میچوں میں11739رنز بنائے ہیں۔ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 18426 رنز بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے بنائی ہیں۔شعیب ملک آئندہ سال ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر منٹ کا عندیہ دے چکے ہیں۔عالمی شہرت یافتہ آل راونڈر نے کہا کہ 2019کے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیر باد کہنےکا فیصلہ حتمی ہے لیکن یہ چاہتا ہوں کہ میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئینٹی اور آئی سی سی چیمپنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ تھا اب میں ورلڈ کپ میں بھی اپنی ٹیم کو کامیابی دلواں۔شعیب ملک نے کہا کہ جب میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا تھا تو میرے دوست کہہ رہے تھے میں نے جلدی میں فیصلہ کیا ہے، اب ون ڈے سے ریٹائر منٹ کے لئے درست وقت منتخب کیا ہے چاہتا ہوں کہ عروج پر کرکٹ کو خیر باد کہہ دوں۔اسٹار کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے13کپتانوں کی قیادت میں کھیل چکا ہوں اور مجھے کسی کپتان سے کوئی گلہ نہیں ہے، میری کامیابی کا راز یہی ہے کہ میں ہر ایک کے ساتھ ایڈجیسٹ کر لیتا ہوں اور ٹیم کے لئے کچھ کرنے کی کوشش کرتا ہوں، تمام کپتانوں کے ساتھ اچھے روابط رہے ہیں۔شعیب ملک نے کہا کہ سرفراز احمد میرے تیرہویں کپتان ہیں ان کو کپتان مقرر کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اچھا فیصلہ کیا ہوا ہے، وہ سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور موجودہ ٹیم میں کوئی سنیئر جونیئر نہیں ہے اچھے ماحول کی وجہ سے سب ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔شعیب ملک نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی سے خوش نہیں ہوں لیکن چوں کہ ٹیم جیت رہی ہے اس لئے میرا چھوٹا سا حصہ بھی ٹیم کے کام آرہا ہے میں ان لوگوں میں سے ہوں جو اپنے احتساب خود کرتے ہیں۔