پاکستان کازمبابوے کیخلاف وائٹ واش مکمل

بولاوائیو(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان نے زمبابوے کو 5 میچز پر مشتمل سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں یک طرفہ مقابلے کے بعد 131 رنز سے شکست دیکر سیریز 0-5 سے اپنے نام کرلی۔بولاوائیو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔اوپننگ بلے باز فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور پُراعتماد بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 168 رنز کی شراکت قائم کی۔فخر زمان 85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 10 چوکے بھی لگائے، گرین شرٹس کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز امام الحق تھے جنہوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کی چوتھی سنچری اسکور کی اور 110 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 8 چوکے بھی شامل تھے۔پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور 76 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 106 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، شعیب ملک اور آصف علی 18،18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔زمبابوے کے بولرز ایک مرتبہ پھر بے بسی کی تصویر بنے رہے اور کوئی بھی بولر متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔

کرسٹوفر مپوفو، ٹینڈائی چٹارا، لائم روچی اور ویلنگٹن مساکاڈزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے بلے بازوں کی گزشتہ میچز کے مقابلے میں کارکردگی بہتر رہی اور اوپنرز کی جانب سے 66 رنز کا آغاز فراہم کیا گیا۔تاہم اننگز کے کسی لمحے بھی زمبابوے ہدف کی جانب گامزن نظر نہیں آئی۔ رائن مرے 47، پیٹر مور 44 اور پرنس مسوری 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور حسن علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔فخر زمان نے آج ایک مرتبہ پھر عالمی ریکارڈز بنائے، انہوں نے 20 رنز مکمل کرنے کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔فخر زمان نے یہ کارنامہ 18 میچز میں انجام دیا جب کہ اس سے قبل یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بلے باز سر ویون رچرڈ کے پاس تھا، انہوں نے 21 میچز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

تعارف: newseditor