ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، کرونارتنے ٹاپ رینک سری لنکن بیٹسمین بن گئے


دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) دیمتھ کرونارتنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں ٹاپ رینک سری لنکن بیٹسمین بن گئے، انہوں نے دنیش چندی مل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا، گونا تھلیکا 36 اور تھیونس ڈی بروئن 43 درجے لمبی چھلانگ لگا کر بالترتیب 73ویں اور 105ویں پوزیشنز پر آ گئے، بولرز میں جیمز اینڈرسن نے کاگیسوربادا کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیا، کیشو مہاراج ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہو گئے جبکہ ڈیل اسٹین 5 درجے تنزلی کے بعد ٹاپ ٹوئنٹی سے باہر ہو گئے۔ منگل کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بیٹسمینوں میں آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ سرفہرست ہیں، ویرات کوہلی دوسرے، جوروٹ تیسرے نمبر پر ہیں،کرونارتنے پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد 3 درجے ترقی کے ساتھ ساتویں نمبر پر آ گئے، ڈین ایلگر ایک اور ایڈن مارکرم 3 درجے تنزلی کے بعد نویں اور دسویں نمبر پر چلے گئے، ہاشم آملہ کی بھی تین درجے تنزلی ہوئی ہے، گونا تھلیکا نے 36 درجے ترقی کے ساتھ 73ویں پوزیشن سنبھال لی، جنوبی افریقہ کے تھیونس ڈی بروئن 43 سیڑھیاں چڑھ کر 105ویں پوزیشن پر آ گئے۔ جنوبی افریقن بولر ربادا سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے ٹاپ پوزیشن سے محروم ہو گئے، ان کی جگہ جیمز اینڈرسن نے پہلی پوزیشن سنبھال لی، رنگانا ہیراتھ آٹھویں پوزیشن پر برقرار ہیں، کیشو مہاراج 5 درجے ترقی پا کر 18ویں نمبر پر آ گئے جبکہ ڈیل اسٹین 5 درجے تنزلی کے بعد 24ویں نمبر پر چلے گئے، دلروون پریرا 2 درجے بہتری کے ساتھ 23ویں، دانن جایا 16 درجے ترقی کے ساتھ کیریئر میں بہترین 39ویں نمبر پر آ گئے۔

تعارف: newseditor