خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی سرگرمیاں عروج پر


خیبر پختونخوا سپورٹس ڈائریکٹوریٹ صوبہ بھرمیںڈائریکٹر جنرل جنید خان کی سربراہی میں کھیلوں کے فروغ میں کوشاں ہے ۔ رمضان سپورٹس گالا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا جس میں بیڈ منٹن ، فٹ بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ بیڈ منٹن کے مقابلے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوئے جس کی میزبانی کا شرف یہاں کے مشہور بیڈر ز کلب کوحاصل ہوا ۔ واضع رہے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پاکستان کا سب سے خوبصورت کمپلیکس ہے جس میں بیڈ منٹن کے چاروں کورٹس پر ربڑ میٹ موجود ہے۔ بیڈرز کلب کے روح رواں مراد علی ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل بُک فائونڈیشن نے ڈی جی کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ جنید خان کی ہدایت کے مطابق ایک بہترین ٹورنامنٹ آرگنائز کیا جس میں بنوں ، مردان ، ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ ، سوات ، بونیر ، چارسدہ ، کوہاٹ اور پشاور سے 100سے زائد مرد و خواتین نے حصہ لیا ۔

ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی میں صدر مراد علی ، عبدالشکور، بلال خان ، اسد غفار ، شہزاد ، ابراہیم خان اور حیات اﷲ کے علاوہ کے پی کے بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری امجد خان بھی شامل تھے ۔ بیڈمنٹن فائنل مقابلوں کے نتائج کے مطابق لیڈیز سنگل فاطمہ نے جیتا ۔ انھوں نے بشریٰ کو 21-10اور 21-07سے ہرایا ۔ بوائزانڈر 17-کے فائنل میں قاری عدنان نے زبیر کو 21-16اور 21-13سے شکست دی ۔ لیڈیز ڈبل فائنل میں نورین اور فاطمہ نے کائنات اور فاطمہ کو 21-08اور 21-17سے ہرایا ۔ مینز سنگل ایمرجنگ فائنل میں عبد اﷲ نے سیف اﷲ کو سخت مقابلے کے بعد 21-12,20-22اور 22-20سے کلوز وکٹری حاصل کی ۔ جبکہ مینز ڈبل ایمرجنگ فائنل میں قاری عدنان نے دانیال کے ہمراہ بلال اور ناصر کو 21-14اور 21-15سے شکست دی ۔ مینز سنگل ڈیپارٹمنٹل فائنل میں رحمن نے احتشام کو 21-09اور21-18اور ڈبلز کے فائنل میں کاشف اور عبدا ﷲ نے ہارون اور حسیب کو 21-14اور21-09سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی ۔ بیڈمنٹن مقابلوں میں مقامی ایسوسی ایشن کا کردار ہمیشہ کی طرح منفی ہی رہا ۔ ایک موقع پر سیکرٹری امجد خان اور ان کے سینئر ساتھیو ں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی معمولی انٹرفیس 200روپے فی کھلاڑی تاحال ادا نہیں کی جس سے جونئیر کھلاڑیوں میں غم و غصہ کی شدید لہر پیدا ہوئی۔

جبکہ تمام جونئیر کھلاڑیوں نے قوانین کی مکمل پاسداری کی ۔ امجد خان کے اس فعل کو غیر پسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا ۔ کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے بیڈمنٹن کے تمام میچز میں چائینز شٹل کاکس فراہم کی گئی اور فائنل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 10ہزار روپے اور رنرز اپ کو 8ہزار روپے انعام کے ساتھ میڈلز اور سرٹیفیکٹس بھی دئیے گئے اور بہترین انتظامات پہلی بار آرگنائزنگ کمیٹی کو بھی 20ہزار روپے انعام دیا گیا ۔ ٹیبل ٹینس فائنل مقابلوں میں نتائج حسب ذیل رہے ۔ بوائز جونئیر ونر توقیر ، رنر اپ عماد (3-2)، لیڈیز سنگل ونر خدیجہ اور رنر اپ عفیفہ (3-1)، مینز سنگل ونر حسیب خواجہ ، رنر اپ عثمان خواجہ (3-2)، مینز ڈبل ونر عثمان خواجہ اور شایان اور رنر اپ اویس اور شرجیل (3-1)، جبکہ ویٹرن سنگل میں ونر کامران ، رنر اپ فاروق (3-1)رہے ۔ ٹیبل ٹینس کے تمام جیتنے والے کھلاڑیوں کو 6ہزار اور رنر اپ کھلاڑیوں کو 4ہزار روپے کے ساتھ میڈلز اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے گئے۔ رمضان سپورٹس گالا میں فٹبال کی آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جس کا فائنل حیات آباد جونئیر زاور حیات آباد ریڈ کے مابین کھیلا گیا جیسے حیات آباد جونئیرز نے دو کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا ۔

فٹبال فائنل جیتنے والی ٹیم کو 30ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کو 15ہزار روپے کے ساتھ ٹرافی ، میڈلز اور سرٹیفیکٹس بھی دئیے گئے ۔ کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے طرف سے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز میں 2لاکھ 60ہزار روپے کی خطیر رقم تقسیم کی گئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے جبکہ دوران ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کیلئے سحر اور افطار کا بندوبست بھی ہوا ۔ کھلاڑیوں کے لئے ڈیلی ریفریشمنٹ اس کے علاوہ تھی ۔ صوبہ کے دوسرے علاقوں سے آئے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو مفت رہائش بھی فراہم کی گئی ۔ ڈی جی کے پی کے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ جنید خان نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبہ اور ڈسپلن کی تعریف کی اور انعامات بھی تقسیم کئے۔انھوں نے بنوں کے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی پر بنوں کے تمام بیڈمنٹن ہالز میں ربڑ کورٹ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ سپورٹس گالا کے کھلاڑیوں ، آفیشلز اور شائقین کی طرف سے جنید خان کی اس بہترین کاوش کو بے حد سرا ہاگیا ۔

تعارف: newseditor