لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی سابق کرکٹر ، سیاستدان اور کپل شرما کے شو کے انتہائی معروف ترین جج نوجوت سنگھ نے کہاہے کہ عمران کسی بھی پہلو میں معاشرے کو دینے والا شہری ہے ،کبھی کچھ لے گا نہیں ، دنیا کو جوڑنے والا بندہ ہے ، کبھی نہیں توڑے گا ، عمران خان کے اندر سب سے بڑی خوبی میں نے یہ دیکھی ہے کہ وہ پاک اور نیک بندہ ہے ، یہ نیکی مارکیٹ میں نہیں ملتی ، یہ ایک جذبہ ہے ، وہی جذبہ جس نے ایک عام پاکستانی ٹیم کو بہترین کپتان دے کر ورلڈ کپ جتوایا ٗ اسی طرح پاکستان کی لڑکھڑاتی ہوئی سیاسی صورتحال کیلئے عمران خان بہترین ہے ،میں سمجھتاہوں کہ عمران خان ڈوبی کشتی کو پار لگانے والا ثابت ہو گا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایک ایسا آدمی جو کردار والا ہے ، جو بندہ سسٹم کو دینے آیاہے کوئی کاروبار نہیں کرنے آیا ،لوگوں نے سب کو آزما لیا ، پہلے الیکشن میں عمران خان ایک سیٹ آئی تھی ، آج دیکھیں ، وہ اگلے وزیراعظم بننے جارہے ہیں ، یہ انتہائی خوبصورت سفر ہے ، انہیں سیاست کا کچھ پتا نہیں تھا ، لاکھوں لوگوں نے بہت کہا کہ تم یہ کیا کر رہے ہو تم لیکن اس نے کسی کی نہیں سنی ۔عمران خان وہ بندہ ہے جو کبھی پیٹھ دکھا کر نہیں جائے گا بلکہ جب تک اپنا مقصد حاصل نہیں کر لے گااس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گا ۔نوجوت سنگھ کے مطابق عمران خان نے کرکٹ بھی اسی طرح کھیلی ہے ، آپ یہ دیکھیں کہ وہ کیمرج پڑھتے تھے اور ان کا ایکشن کیسا تھا ؟، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ یہ بندہ قومی ٹیم میں کھیلے گا، عمران نے اپناپورا ایکشن تبدیل کیا ،جتنی محنت عمران خان نے کی ہے دنیا میں کسی کرکٹر نہیں کی ہو گی ، جس دن ٹیسٹ میچ ہوتاتھا وہ اس دن گراونڈ کے سات رائونڈ لگاتے تھے ، فاسٹ باولر گھوڑا ہوتاہے ،انجریز سے دور عمران خان نے کمزویوں کو جتنا طاقت میں تبدیل کیاہے شائد ہی کسی نے کیا ہوگا ۔