لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ اور بھارت کے درمیان یکم اگست سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز اس حوالے سے بھی اہمیت اختیار کر گئی کہ پاکستان نے حال ہی میں انگلینڈ میں 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے ڈرا کھیل کر بھارت کے لئے بڑا چیلنج رکھ چھوڑا ہے۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کے مقابلے میں انگلش کنڈیشنز میں اپنی کامیابی ثابت کر پاتی ہے اور نہیں ۔ پاکستان مسلسل 2 سیریز سے انگلینڈ میں ناقابل شکست ہے جبکہ بھارت مسلسل 2 سیریز سے ناکام ہے۔ بھارتی ٹیم زیادہ مواقع اور بڑی تاریخ رکھنے کے باوجود پاکستان سے کہیں پیچھے ہے ۔ انگلش سرزمین پر بھارت کی کرکٹ 1932 اور پاکستان کی 1954 سے شروع ہوتی ہے 22 سال کے اس بڑے فرق کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریک ریکارڈ بھارت سے بہت بہتر ہے ۔ پاکستان نے وہاں53 ٹیسٹ میچ کھیل رکھے ہیں جن میں سے 12کامیابیوں کو گلے لگایا ہے 23 میں شکست ہوئی ہے 18میچ ڈرا رہے جبکہ بھارت نے پاکستان سے زیادہ 57میچ کھیلے، پاکستان سے کم صرف 6 میچ جیتے، پاکستان سے زیادہ 30 میچ ہارے اور 21 میچ ڈرا کھیلے، پاکستان کی کامیابی و ناکامی کا تناسب 0.500بنتا ہے بھارت کا اس سے کہیں کم 0.200ہے۔ پاکستانی ٹیم نے 1954 سے2018 تک انگلینڈ میں15 سیریز کھیلی ہیں ، تین میں فتحیاب رہا ہے5 سیریز ڈرا رہی ہیں اور انگلینڈ 7سیریز میں کامیاب رہا ہے۔جبکہ بھارتی ٹیم نے 1932 سے 2014 تک 17سیریز کھیلی ہیں۔ 3 سیریز ہی اپنے نام کی ہیں اسے انگلینڈ میں 17 سیریز میں سے 13 میں عبرتناک شکست ہوئی بھارت کی ٹیم 82 سالہ تاریخ میں انگلینڈ میں صرف ایک سیریز ڈرا کھیل سکی ہے ۔