دوسرا ون ڈے،،جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو پھر ہرا دیا

دمبولا (سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ نے 5 میچوں کی ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان سری لنکا کو باآسانی 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا تو جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔جنوبی افریقہ کے باؤلرز میچ کے آغاز سے ہی سری لنکا کے بلے بازوں پر حاوی رہے اور ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے کی اجازت نہیں دی۔سری لنکا کی جانب سے ڈک ویلا اور کپتان اینجلو میتھیوز نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور بالترتیب 69 اور 79 رنز بنائے تاہم جنوبی افریقہ کے سامنے بڑا اسکور نہ بنا سکے۔پریرا اور جے سوریا نے بھی بالترتیب 19 اور 18 رنز بنائے۔سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز مٰں 8 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے فلکوائیو اور اینجڈی نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کے تجربہ کار اوپنر کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے 91 رنز کا شاندار آغاز کیا تاہم آملہ 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ڈی کوک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھا اور 13 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 87 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سری لنکا پر سبقت دلائی۔کپتان ڈیوپلیسی نے 3 چوکوں 2 چھکوں کی مدد سے 49 اور ڈومینی نے 32 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا جس کے بعد دیگر بلے بازوں نے جیت دلا کر ٹیم کو سیریز میں برتری بھی دلا دی۔جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے 245 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹیں گنوائیں اور 42.5 اوورز میں ہی 246 رنز بنایا یوں میزبان ٹیم کو مسلسل دوسری دوسری شکست دے دی۔جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان اگلا میچ 5 اگست کو کھیلا جائے گا۔

تعارف: newseditor