صوبہ بھر میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائیں گے، محمد عامر جان


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے کہا ہے کہ سپورٹس کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوںکی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے صوبہ بھر میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائیں گے جس میں سکولوں کے طلبہ بھی حصہ لیں گے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ حال ہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے سپورٹس تنظیموں سے مل کر لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر16چیمپئن شپ، پنجاب وومن آرچری چیمپئن شپ اور انٹر ڈویژن پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ منعقد کرائی ہیںان کا دائرہ اب صوبہ بھر میں وسیع کیا جارہا ہے، ہر تحصیل میں سکولوں کے طلبہ میں کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، تمام ڈویژنل سپورٹس آفیسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقابلوں کیلئے تیاری کریں اور تعلیمی اداروں کو اس میں شامل کریں تاکہ گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ تلاش کیا جاسکے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ ان مقابلوں میں کرکٹ، والی بال، سائیکلنگ، باسکٹ بال، نیٹ بال، اتھلیٹکس، ہاکی، ٹیبل ٹینس، جمناسٹک، بیڈ منٹن، ہینڈ بال اور رسہ کشی کے کھیل شامل ہونگے، سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں میں پوشیدہ صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے سپورٹس ایونٹس منعقد کرارہا ہے نوجوان آئیں، اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے آگے بڑھیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ نئے کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں دیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔

تعارف: newseditor