ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے دی

سینٹ کٹس(سپورٹس لنک رپورٹ)ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت بنگلادیش کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔امریکا میں کھیلی جارہی تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تاہم میچ بارش کے باعث متاثر ہوا جس کے بعد کھیل کو 11 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ڈک ورتھ لوئس قانون کے مطابق ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 91 رنز کا ہدف ملا جسے ویسٹ انڈین بلے بازوں نے باآسانی 9.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر آندرے رسلز کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسلز نے 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ پاویل بھی 15 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے، دیگر بلے بازوں میں مارلن سیموئلز 26، آندرے فلیچر 7 اور ایون لیوس 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی جانب سے محمد اللہ 35، لیٹن داس 24 اور کپتان شکیب الحسن 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ویسٹ انڈیز کے کوک ولیم نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

تعارف: newseditor