ٹیسٹ کرکٹ کی 142 سالہ تاریخ،،انگلینڈ 1000ٹیسٹ کھیلنے والا پہلا ملک بن گیا


لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلستان نے یکم اگست سے برمنگھم کے گراؤنڈ ایجبیسٹن میں بھارت کے خلاف پانچ ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے میچ کا آغاز کیا تو یہ اس کا ایک ہزارواں ٹیسٹ تھا ۔ٹیسٹ کرکٹ کی 142سالہ تاریخ میں انگلستان اس اہم سنگ میل کو پہنچنے ولا پہلا ملک ہے ۔کرکٹ کی تاریخ میں اولین ٹیسٹ میچ 1877میں انگلستان اور آسٹریلیا کے درمیان 15تا 19مارچ کو میلبورن میں کھیلا گیا تھا۔ اس لحاظ سے ان دونوں ممالک کو ٹیسٹ کرکٹ کا بانی کہا جاسکتا ہے ۔ دنیا کے اس سب سے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلستان کے کپتان جیمز للی وائٹ تھے۔ اب تک 80کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں انگلستان کی قیادت کرچکے ہیں ۔ موجودہ ٹیسٹ میچ میں یعنی 1000ویں ٹیسٹ میں انگلستان کے قائد جو روٹ ہیں جو بحیثیت کپتان اپنا 17واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔اب تک سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں انگلستان کی قیادت کا اعز ازایلسٹر کک کو حاصل ہے جو موجودہ ٹیسٹ میں کھلاڑی کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ وہ 59ٹیسٹ میچز میں انگلستان کے کپتان رہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے انگلستان کی جانب سے بحیثیت کھلاڑی سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے اور سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈز بھی قائم کئے ہیں ۔ کک نے موجودہ ٹیسٹ سے قبل تک 156ٹیسٹ کھیل کر 12 ہزار 145رنز بنائے ۔ایلسٹر کک کے علاوہ تین اور کھلاڑی 50یا زائد ٹیسٹ میچز میں انگلستان کی قیادت کرچکے ہیں ۔ ان میں مائیک ایتھرٹن 54، مائیکل وان 51اور اینڈریو اسٹرا 50شامل ہیں۔اب تک12 ٹیمیں مجموعی طور پر 2314ٹیسٹ کھیل چکی ہیں۔ انگلستان کے بعد سب زیادہ یہ ٹیسٹ آسٹریلیا نے کھیلے ہیں جن کی تعداد 812ہے۔ دیگر ٹیموں میں ویسٹ انڈیز 535، بھارت 523، جنوبی افریقہ 427، نیوزی لینڈ 426، پاکستان 415، سری لنکا 274، بنگلہ دیش 108، اور زمبابوے 105شامل ہیں جبکہ آئی سی سی ورلڈ الیون نے ایک اور نووارد ٹیم آئرلینڈ اور افغانستان نے ایک، ایک ٹیسٹ کھیلا ہے۔انگلستان نے اس سے قبل 999ٹیسٹ کھیلے جن میں سے 357میں وہ فاتح رہا اور 279میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 345ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔ اس کی کامیابی کا تناسب 35اعشاریہ 70فیصد رہا ۔

تعارف: newseditor