میئر کپ فٹبال چمپئن شپ میں ناظم آباد شاہ فیصل فتح سے ہمکنار


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) ناظم آباد شاہ فیصل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد حسینی کلب نیوکراچی کو ٹائی بریکر پر 5-3سے شکست دے کر میئر کپ فٹبال چمپئن شپ کے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ وقفہ کے دوران پاکستان نیوی کے نیشنل گول کیپر اکبر شیخ کا بحیثیت مہمان خصوصی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔اس موقع پر قائم مقام صدر، ڈی ایف اے سینٹرل محمد شمیم، عبدالشکور، محمد ابراہیم، وسیم عالم، نورعالم، محمد قاسم،محمد نظام، محمد شبیر، محبوب ودیگر بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی نے اپنے مختصر خطاب میں آرگنائزر محمد شبیر اور ٹورنامنٹ کے چیئرمین عبدالشکورودیگر ممبران کو ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فٹبال سرگرمیوں کو فروغ دینے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور اسے قابل تعریف اقدام قرار دیا۔ موسیٰ الیون کے زیر اہتمام اور ینگ عزیز آباد ایف سی کی زیر نگرانی اپوا کالج گراؤنڈ کریم آباد پرجاری ایونٹ میں ناظم آباد شاہ فیصل ایف سی اور حسینی ایف سی نیوکراچی کے مابین انتہائی دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ 25ویں منٹ میں شاہ فیصل ناظم آباد کی جانب سے ویٹرن اسٹرائیکر محمد انور نے اپنی زور دار اور نپی تلی کک کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کو 1-0کی سبقت دلادی ۔ وقفہ کے بعد کھیل کی رفتار خاصی تیز رہی اور حسینی ایف سی میچ میں واپس آنے کیلئے حریف ٹیم پر زبردست دباؤ ڈالا اور فائنل وسل سے 5منٹ قبل طاہر نے خوبصورت گول کے ذریعے مقابلہ 1-1سے برابر کرکے میچ کو ٹائی بریکر پر پہنچادیا جہاں شاہ فیصل ناظم آباد نے 5-3کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ اگلے مرحلے میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔ ریفری عبدالرؤف کے معاونین نسیم بابر اور محمد کلیم تھے۔ آج (اتوار) کراچی ککرز اور سرحد پختون کی ٹیمیں باہم مقابل ہونگی۔ واضح رہے کہ میئر کراچی وسیم اختر نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا تھا اور ٹورنامنٹ کمیٹی کو ایونٹ کے اعلیٰ پیمانے پر انعقاد کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

تعارف: newseditor